• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قطر بین الافغان مذاکرات، شاہ محمود کی بذریعہ ویڈیو لنک شرکت


قطر میں آج سے شروع ہونے والے بین الافغان مذاکرات میں قطر کے نائب وزیرِاعظم اور وزیرِ خارجہ کی دعوت پر وزیرِ خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہیں۔

پاکستان کی طرف سے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان ایمبیسڈر محمد صادق قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہونے والے اجلاس میں شریک ہیں۔

شاہ محمود قریشی کا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا ہے کہ بین الافغان مذاکرات کا انعقاد افغانستان میں قیام امن کیلئے سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مؤقف ہمیشہ یہی رہا ہے کہ افغان مسئلے کا حل طاقت کے ذریعے ممکن نہیں، خوش آئند بات یہ ہے کہ آج دنیا پاکستان کے مؤقف کو تسلیم کر رہی ہے۔

وزیرِ خارجہ نے کہا کہ افغان قیادت کے لیے یہ نادر موقع ہے کہ ان مذاکرات سے افغانستان میں مستقل اور دیرپا امن کی راہ ہموار کریں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے افغان امن عمل میں اپنا مصالحانہ کردار خلوص نیت سے ادا کیا اور کرتا رہے گا، افغان امن عمل کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے عالمی برادری کو کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیئے:۔

طالبان وفد کی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات

شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ضرورت ہے کہ ماضی کی غلطیوں کو نہ دہرایا جائے، افغانستان میں قیامِ امن کے خواب کو شرمندۂ تعبیر کیا جائے۔

وزیرِ خارجہ نے مزید کہا کہ آج افغان امن عمل کا تاریخی دن ہے، پاکستان کا مؤقف امن ہے ، نہ کہ جنگ رہا ہے، امن کی شراکت داری میں سب سے آگے ہونے پر فخر ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ شر پسند عناصر پر نظر رکھنا ہو گی جو افغان امن عمل کو ناکام بنانے کے درپے ہیں، ہم پختہ ایمان اور یقین کی ساتھ آگے بڑھتے رہیں گے،پاکستان خطے میں امن و خوش حالی کی کوششیں جاری رکھے گا۔

افغان امن عمل سے متعلق پاکستان کے نکتۂ نظر اور مصالحانہ کوششوں پر مبنی خصوصی ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے۔

تازہ ترین