• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وقار یونس کے والد کے انتقال پر قومی کرکٹرز کا اظہار تعزیت

قومی کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ اور سابق اسٹار فاسٹ بولر وقار یونس کے والد کے انتقال پر قومی کھلاڑیوں کی جانب سے تعزیت کا اظہار کیا گیا ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے پیغام میں وقار یونس کے والد کے انتقال کی خبر کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے لکھا کہ ’اللّہ تعالیٰ آپ کے والد کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور میری دلی تعزیت آپ کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہے۔‘

فاسٹ بولر حسن علی نےاپنے ٹوئٹ میں وقار یونس کو مخاطب کرتےہوئے لکھا کہ ’اللّہ تعالیٰ آپ کے والد کو جنت الفردوس میں اعلیٰ درجات عطا فرمائے، اِس مشکل گھڑی میں اللّہ تعالیٰ آپ کو اور اہل خانہ کو قوت اور صبر عطا کرے، آمین۔‘

پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’وقار یونس کے والد کے انتقال کی خبر سُن کر بہت زیادہ دُکھ ہوا، میری دُعا ہے کہ اللّہ تعالیٰ اُن کی مغفرت فرمائے اور اہلِ خانہ کو ہمت عطا کرے آمین۔‘

قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر وہاب ریاض نے بھی اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر وقار یونس کے والد کی مغفرت کے لیے دُعائیہ پیغام جاری کیا۔

واضح رہے کہ وقار یونس کے والد گزشتہ روز لاہور میں انتقال کرگئے تھے جبکہ والد کے انتقال کے وقت وقار یونس سڈنی میں موجود تھے، والد کے انتقال کی افسوسناک خبر سُنتے ہی وقار یونس فیملی سے ملے بغیر ہی سڈنی سے لاہور کے لیے روانہ ہوگئے۔

سابق فاسٹ بولر کی اہلیہ نے بتایا کہ والد کی حالت کی تشویشناک ہونے کی خبر ملتے ہی ہوٹل میں قرنطینہ میں موجود وقار یونس واپس پاکستان چلے گئے تھے۔

تازہ ترین