جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ اب تو ملک میں عام خاتون کی عزت بھی محفوظ نہیں۔
مولانا فضل الرحمٰن نے حکمران اتحاد میں شامل ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کی ان کی رہائشگاہ پر عیادت اور بعد میں میڈیا سے گفتگو کی۔
انہوں نے بتایا کہ چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات میں سیاسی باتیں نہیں ہوئیں، اپوزیشن کو 20 ستمبر کی اے پی سی میں ٹھوس فیصلے کرنے ہوں گے۔
جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے مزید کہا کہ خاتون کی عزت پر ڈاکا ڈالنے والے عناصر کو عبرتناک سزا دی جائے، ہمیں روایت سے ہٹ کر مضبوط فیصلے کرنے ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ذمے دار افراد ایسے بیانات دے رہے جو زخم پر مزید نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔
مولانا فضل الرحمٰن نے یہ بھی کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) کی تاریخ طے ہوچکی ہے، پیپلز پارٹی اس کی میزبان ہے۔
انہوں نے کہا کہ 20تاریخ کو اپوزیشن بیٹھ رہی ہے، طے کرنا ہے کتنا حلوہ کھانا ہے ورنہ سارا حکومت کھا جائے گی۔
جے یو آئی( ف)کے سربراہ نے کہا کہ ملک میں بیروزگاری، مہنگائی عروج پر ہے، روپے کی قدر زمین بوس ہوچکی اور اب تو ملک میں عام خاتون کی عزت بھی محفوظ نہیں۔