• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

والد کی جدائی بھی دکھ دیتی ہے، ان کے ساتھ گزرے لمحات اور خوشگوار یادیں کچھ غم اور محبتیں تازہ کر جاتی ہیں۔

بالی ووڈ کے اسٹار اداکار عرفان خان، جو رواں برس آنت کے انفیکشن کے باعث جان کی بازی ہار گئے تھے، ان کے بیٹے بابیل خان نے انہیں ایک بار پھر یاد کیا ہے۔

بابیل خان نے اس بار سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر اپنے والد کے ساتھ خوشگوار ملاقات کی 2 تصاویر شیئر کیں، جن میں وہ انتہائی خوش دکھائی دے رہے ہیں۔ 

تصویر کے عنوان میں بابیل خان نے لکھا کہ میں ایک بار پھر لندن روانہ ہورہا ہوں، گزشتہ برس بھی انہیں دنوں گیا تھا، ان تصاویر نے پچھلے برس کی یاد تازہ کردی۔

عرفان خان کے صاحبزادے نے لکھا کہ پچھلے سال جب میں لندن جارہا تھا تب بابا یہاں تھے، اس بار جب میں روانہ ہورہا ہوں تو عجیب سا لگ رہا ہے، صرف بابا یہاں نہیں ہیں، میں نے انہیں کھودیا۔

بابیل خان کی شیئرکردہ تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عرفان خان ایک تصویر میں اپنے بیٹے کو سنجیدگی میں کچھ سمجھا رہے ہیں تو دوسری میں دونوں ہی کسی بات پر کھل کر ہنس رہے ہیں۔

29 اپریل 2020ء کو انتقال سے ایک دن قبل عرفان خان کو آنت میں انفیکشن کے باعث اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا۔

انہوں نے سوگواروں میں بیوی ستاپا سکدار اور دو بیٹوں بابیل اور آیان کو چھوڑا تھا۔

بابیل کی طرف سے اپنے والد کی یادگار تصاویر شیئر کیے جانے پر ستاپا سکدار نے بھی کمنٹ کیا انہوں لکھا کہ ’جاؤ لڑکے، لوگوں کے دل اور ان کی روح کو فتح کرو، چاند کی رانی کی خوشبو ہمیشہ تمہیں راستہ دکھائے اور گھر واپس لائے۔‘

عرفان خان کو 2018ء میں نیورو وانڈو کرائن ٹیومر تشخص ہوا تھا، جس کا انہوں نے برطانیہ میں علاج بھی کروایا، جس کے بعد وہ فروری 2019ء میں بھارت لوٹے اور اپنی فلم انگریزی میڈیم کی شوٹنگ میں مصروف ہوگئے تھے۔

یہ فلم ان کی وفات سے ایک ماہ قبل یعنی مارچ 2020ء میں ریلیز کی گئی لیکن کورونا کے باعث لگائے گئے لاک ڈاؤن کی وجہ سے اسے جلد ہی سینما سے اتار لیا گیا، جس کے بعد فلم میکرز نے اسے ڈیزنی ہاٹ اسٹار پر ریلیز کیا تھا۔

تازہ ترین