پاکستان کرکٹ بورڈ کی اجازت اور رائزنگ اسٹار کرکٹ کلب کے زیر اہتمام منعقدہ آل کراچی پروفیسر اعجاز احمدفاروقی انوی ٹیشن کرکٹ ٹورنامنٹ پاکستان کرکٹ کلب نے جیت لیا۔فائنل میں بلال فرینڈز کو 198رنز سے شکست کا سامنا۔ ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی پروفیسر اعجاز احمد فاروقی تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ٹورنامنٹ جیتنے پر پاکستان کرکٹ کلب کومبارکباد دی اور بلال فرینڈز کرکٹ کلب کو فائنل تک رسائی حاصل کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔مہمان خصوصی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کا بھی شکریہ ادا کیا۔
تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ اس وقت کلب کرکٹ نہ ہونے کی وجہ سے کھلاڑیوں اور کرکٹ آرگنائزرز احساس محرومی کا شکار ہیں جلد پاکستان کرکٹ بورڈ کی اجازت سے کراچی میں 100ٹیموں کا ایک آل کراچی انٹر ڈسٹرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کریں۔
گے، توصدیف صدیقی، چیئرمین ٹورنامنٹ آرگنائزنگ کمیٹی نے کہا کہ ٹورنامنٹ کی کوئی انٹری فیس نہیں تھی اور ٹورنامنٹ کو گیندیں بھی فری فراہم کی گئیں۔جمیل احمد ٹورنامنٹ سیکریٹری نے ٹورنامنٹ جیتنے پر پاکستان کرکٹ کلب کو مبارکباد دی انہوں نے کہا کہ کہ کھلاڑیوں کی صلاحیتیوں کو نکھارنے کیلئے کلب کرکٹ کا انعقاد بہت ضروری ہے۔
فائنل میں پاکستان کرکٹ کلب نے بلال فرینڈزکو 198رنز کے واضح فرق سے شکست دے کر فاتح ٹرافی اپنے نام کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔پاکستان کرکٹ کلب نے 8وکٹوں پر عماد عالم کی شاندار سنچری کی بدولت303رنز اسکور کئے۔جوابی اننگز میں بلال فرینڈز کی ٹیم 105رنز پر پویلین لوٹ گئی۔محمد اصغر نے 40رنز دے کر 4کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ عماد عالم نے 12رنز کے عوض 3کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔