اسلام آباد ( طارق بٹ ) سابق چئیرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے ایک پینٹر ظہیر کی زندگی میں پیش آنے والے پر اسرار واقعات پر ناول دی اسمائل اسنیچرز تحریر کیا ہے ۔جس کی تقریب رونمائی 18 ستمبر کو ہو گی ۔ یہ سرقہ کی گئی مسکراہٹوں اور فن کی طاقت کی کہانی ہے ۔ یہ ایک وسیع تر کینوس پر لکھا جا نے والا ناول ہے ۔جس میں جنگ زدہ اور متنازع علاقوں میں بچوں کی حالت زاراور کس طرح انٹرنیشنل اسٹیبلشمنٹ انہیں اپنے مذموم مقاصد کے لئے استعمال کر تی ہے ۔ اس بات کو اجاگر کیا گیا ہے کہ کس طرح ان بچوں کے چہروں سے مسکراہٹ نوچ لی گئی ہے ۔پینٹر ظہیر نے ہمیشہ اپنے فن پاروں میں بچوں کے چہروں پر بکھری مسکراہٹوں کی عکاسی کی ہے ۔ پھر ایک روز اس نے آفت زدہ بچوں کو اپنے خواب اور تصور میں دیکھا جو اسے افق پر ابھرنے والے مصائب اور مشکلات سے خبردار کر رہے تھے ۔ ظہیر نے اپنے جا نے پہچانے طریقے کینوس کے ذریعہ سے ان کی مدد کر نا چاہی۔ظہیر نے یہ چیلنج قبول کیا ، اسے اس کا تخیل موصل کے نسل کشی کا شکار بچوں کے کیمپ لے گیا ۔ شام میں بچے بے رحمانہ فضائی حملوں کا شکار ہو ئے ۔