• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرکاری ٹی وی چینل کی مینجمنٹ نے راشد محمود سے معافی مانگ لی

پاکستان ٹیلیوژن نیٹ ورک کی مینجمنٹ نے راشد محمود کو 620 روپے کا چیک بھیجنے پر اُن سے معافی مانگ لی ہے۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر راشد محمود نے اپنے یوٹیوب چینل کی ایک ویڈیو کا لنک شیئر کیا جس میں اُنہوں نے بتایا کہ 620 روپے کا چیک دینے پر پاکستان ٹیلیوژن نیٹ ورک کی مینجمنٹ نے اُن سے معافی مانگ لی ہے۔

ویڈیو میں سرکاری ٹی وی چینل کی مینجمنٹ کا کہنا تھا کہ گزشتہ دنوں ایک ناخوشگوار واقعہ پیش آیا جس کے بعد ہم راشد محمود سے معافی مانگتے ہیں کیونکہ یہ ہمارے لیجنڈ ہیں اور ہم ان کی بہت عزت کرتے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہمارا ادارہ اس مسئلے کو جلد از جلد حل کرنے کی کوشش کررہا ہے اور ہم نے راشد محمود صاحب سے بھی درخواست کی ہے وہ ہماری معافی قبول کریں۔

دوسری جانب راشد محمود نے اپنے خیالا ت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’میرے ساتھ موجود یہ مینجر اور پروڈیوسر میرے بچوں کی طرح ہیں اور میرا یہ احتجاج اِن کے خلاف نہیں بلکہ اس ادارے کے سسٹم کے خلاف تھا کہ آخر کون ہے جو یہ سسٹم چلا رہا ہے۔‘

راشد محمود نے شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’اس ادارے کا سسٹم چلانے والوں کو مجھے 20 ہزار روپے دیتے ہوئے تکلیف ہو رہی ہے اور اُسی ٹیم کے دوسرے لوگوں کو دو، دو لاکھ روپے دیے جا رہے ہیں۔‘

سینئر اداکار نے کہا کہ ’اور یہاں میرے پاس بہت سی مثالیں موجود ہیں میں جب چاہوں سب کے نام سامنے لاسکتا ہوں۔‘

اُن کا کہنا تھا کہ ’620 روپے کا چیک سیدھا میرے کلیجے پر جاکر لگا ہے مجھے بہت تکلیف ہوئی ہے جو میں بیان بھی نہیں کرسکتا ہوں، ایسا لگا کہ میری برسوں کی محنت کو روند دیا گیا۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’اِس سب کے بعد مینجمنٹ کے لوگوں نے مجھ سے معافی مانگی اور میں ان کی معافی قبول کرتا ہوں لیکن میرے اندر موجود راشد محمود یہ معافی قبول نہیں کر رہا ہے۔‘

راشد محمود کا مزید کہنا تھا کہ ’اب چونکہ میرے ان بچوں نے مجھ سے معافی مانگ لی ہے تو میرے تمام گلے شکوے دور ہوگئے ہیں اور اس معافی کو قبول کرنے کی ایک وجہ پاکستان ٹیلیوژن نیٹ ورک ہے کیونکہ اس ادارے کے نام کے ساتھ پاکستان جُڑا ہوا ہے اور میں ہر اُس چیز کے آگے اپنی مفادیت کو چھوڑ دوں گا جہاں پاکستان کا نام ہوگا۔‘

آخر میں اداکار نے اپنے تمام مداحوں اور چاہنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ دِنوں سرکاری ٹی وی چینل نے راشد محمود کو محرم الحرام میں مرثیہ پڑھنے پر صرف 620 روپے کا چیک دیا تھا جس کے بعد راشد محمود نے سرکاری ٹی وی چینل پر مزید کام نہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

راشد محمود کا کہنا تھا کہ سرکاری ٹی وی چینل نے 620 روپے کا چیک بھیج کر میری سالوں کی خدمات کی تضحیک کی ہے۔

سینئر اداکار کو محرم الحرام میں مرثیہ پڑھنے پر سرکاری ٹی وی چینل کی جانب سے صرف 620 روپے کا چیک دینے پر گلوکار علی ظفر اور اداکارشمعون عباسی کی جانب سے شدید برہمی کا اظہار بھی کیا گیا تھا۔

تازہ ترین