• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امارات اور بحرین کے ٹرمپ کی موجودگی میں اسرائیل سے معاہدے پر دستخط

امارات اور بحرین کے ٹرمپ کی موجودگی میں اسرائیل سے معاہدے پر دستخط 


واشنگٹن(اے ایف پی)امارات اور بحرین نے ٹرمپ کی موجودگی میں اسرائیل سے معاہدے پر دستخط کردیے،معاہدے کے بعد فلسطین کے مختلف حصوں اور بحرین میں بھی احتجاجی مظاہرے کیے گئے ۔

ادھر قطر نے فلسطین کو تسلیم نہ کرنے کا اعلان کیا ہے،ترجمان وزارت خارجہ نے بیان میں کہاکہ فلسطینی ریاست کے قیام سے پہلے اسرائیل کو تسلیم نہیں کریں گے۔ یکطرفہ طور پر اسرائیل سے سفارتی تعلقات استوار کرلینا مسئلہ فلسطین کا حل نہیں۔ 

تفصیلات کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے منگل کو متحدہ عرب امارات اور بحرین کے ساتھ یہودی ریاست کے ساتھ معمول کے تعلقات کے ایک تاریخی معاہدے پر دستخط کردیے،اے ایف پی کے مطابق خلیجی ممالک متحدہ عرب امارات اور بحرین نے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات کے معاہدے پر دستخط کردیے۔

سفارتی تعلقات کے معاہدے کی تقریب وائٹ ہاؤس میں ہوئی جس میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ، اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو، اماراتی وزیر خارجہ عبداللہ بن زاید النہیان اور بحرینی وزیر خارجہ عبداللطیف الزیانی شریک تھے۔

معاہدے پر دستخط سے قبل میڈیا نمائندوں سے خطاب میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ اسرائیل سے تعلقات قائم کرنے کےلیے مزید 5 سے 6 ممالک اسرائیل سے تعلقات قائم کرنے کیلئے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کے ممالک تنازعات کی صورتحال سے تنگ آچکے ہیں جب کہ اس معاہدے کے بعد اماراتی اور بحرینی شہری مسجد اقصیٰ میں عبادت کیلئے جاسکیں گے۔

بعد ازاں امریکی صدر کی موجودگی میں اسرائیل کی جانب سے وزیراعظم نیتن یاہو جب کہ بحرین اور اماراتی وزرائے خارجہ نے معاہدے پر دستخط کیے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی معاہدے پر بطور گواہ دستخط کیے۔

دریں اثنا یواےای اور بحرین کی طرف سے اسرائیل کو تسلیم کیے جانے کے خلاف مقبوضہ بیت المقدس، غزہ، نابلوس، مغربی کنارے سمیت مختلف فلسطینی شہروں میں احتجاجی مظاہرےکیےگئے۔

ادھر بحرین میں اسرائیل کو تسلیم کرنے کےخلاف مظاہرہ کیا گیا،مظاہرین نے بینرزاٹھا رکھے تھے جن پر ’’تمھارا معاہدہ ہمارے قدموں کے نیچے ہے‘‘درج تھا۔

تازہ ترین