• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیا ترک اداکارجاوید جیتن آج پاکستان آرہے ہیں؟

اسلامی فتوحات پر مبنی شہرہ آفاق تُرک سیریز ’ارطغرل غازی‘ میں دوآن ایلپ کا کردار نبھانے والے جاوید جیتن گُنیر کی آج پاکستان آمد متوقع ہے۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام کی اسٹوری میں جاوید جیتن گُنیر نے اپنے بورڈنگ پاس کی تصویر اپنے مداحوں سے شیئر کی جو استنبول سے اسلام آباد کی فلائٹ کا ہے۔

11 گھنٹے قبل جاوید جیتن گُنیر کی جانب سے انسٹاگرام اسٹوری میں شیئر کی جانے والی بورڈنگ پاس کی تصویر کو دیکھ کر بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ اداکار آج پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد پہنچیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں جاوید جیتن گُنیر نے پاکستان آنے سے معذرت کی تھی، اُنہوں نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں اُردو زبان میں ایک پیغام جاری کیا تھا۔

اُن کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ وہ پاکستانی عوام سے معذرت چاہتے ہیں، اُنہوں نے بتایا تھا کہ ترکی میں ایک دوست کے ذریعے مصور عباسی نامی وکیل سے ملاقات کی اور کاروباری منصوبوں پر اتفاق کیا لیکن یہ کاروباری منصوبہ حقیقت پر مبنی نہیں تھا مصور عباسی نے جھوٹ سے کام لیا۔

جاوید جیتن گُنیر کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام کے ساتھ ہماری محبت باہمی ہے لیکن بیان کردہ حالات کے پیشِ نظر وہ اپنا دورہ پاکستان نہیں کرسکیں گے۔

خیال رہے کہ ایسا پہلی مرتبہ ہورہا ہے کہ ’ارطغرل غازی‘ کا کوئی اداکار پاکستان کا دورہ کرے گا، اِس سے قبل ارطغرل غازی کے مرکزی کردار انگین التان نے آن لائن ہی پاکستان کے ایک خیراتی پروگرام میں شرکت کی تھی۔

یہ بھی پڑھیے: کوہلی سے مشابہہ ارطغرل کے ساتھی سے عامر حیران

اس تقریب کے دوران انہوں نے تین موذی بیمار بچوں سے ملاقات کی تھی اور اس موقع پر اُن کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان سے ملنے والی محبت پر بہت خوش ہیں۔

یاد رہے کہ جاوید جیتن گُنیر نے ’ارطغرل غازی‘ میں ارطغرل کے قریبی دوست اور بہادر سپاہی دوآن بے (روشان) کا کردار ادا کیا تھا۔

وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر سرکاری ٹی وی چینل پر یکم رمضان سے اُردو زبان میں نشر کی جانے والی ترک سیریز ’ارطغرل غازی‘ نے پاکستانیوں کو اپنے سحر میں جکڑا ہوا ہے۔

تازہ ترین