• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سابق ڈی جی ایف آئی اے کی پینشن روکنے کا نوٹیفکیشن معطل

اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن کی پینشن روکنے کا نوٹیفکیشن معطل کردیا، اے جی پی آر کو بشیر میمن کی پینشن کا معاملہ دوبارہ دیکھنے کا حکم دیتے ہوئے 10 روز میں پینشن کے معاملے پر رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے سابق ڈی جی ایف آئی اے بشیر کی پینشن روکے جانے کے خلاف درخواست پر سماعت کے دوران اے جی پی آر کے نمائندے سے استفسار کیا کہ آپ کسی کی پینشن کیسے روک سکتے ہیں؟

اے جی پی آر کے وکیل نے کہا بشیر میمن نے استعفیٰ دے دیا تھا، عدالت نے استفسار کیا جب آپ نے بشیر میمن کی پینشن کے تمام کاغذات مکمل کر لیے تو کس نے کہا روک دیں؟ آج تک آپ نے کیا کبھی کسی اور اتنے سینئر افسر کی پینشن روکی ہے؟استعفی تو کوئی افسر بھی دے سکتا ہے اور وہ متعلقہ اتھارٹی نے منظور بھی کیا۔

اے جی پی آر کے نمائندے نے کہا 465 بی ون کے تحت ان کی پینشن روکی گئی ہے، عدالت نے متعلقہ قانون پڑھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا جو آپ رول بتا رہے ہیں وہ بشیر میمن پر اپلائی ہی نہیں ہوتا۔

تازہ ترین