کراچی(اسٹاف رپورٹر) محکمہ اسکول ایجوکیشن نے 15 ستمبر سے تعلیمی ادارے کھولنے کی صورت میں کلاسوں کے انعقاد اور تدریسی طریقہ کار کے لیے کورونا سے بچائو کے لیے ایس او پیز تیار کرلی ہیں، اور محکمہ اسکول ایجوکیشن کی اسٹیئرنگ کمیٹی کی جانب سے ان ایس او پیز کی منظوری بھی دے دی گئی ہے، ایس او پیز میں نصاب کی تکمیل کے لیے تعلیمی اداروں میں ہفتہ کے روز تعطیل ختم کرنے کی سفارش بھی کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ جب تک وبا ختم نہیں ہوجاتی ہفتے کو کلاسز جاری رکھی جائیں، ایس او پیز میں مزید کہا گیا ہے کہ تعلیمی اداروں میں ٹک شاپس کو کھانے پینے کی اشیاء کی فروخت کی اجازت نہیں ہوگی اور طلبہ کے لیے لازمی ہوگا کہ وہ پانی کی بوتل اور گھر کا بنا لنچ ساتھ لائیں کلاسوں میں طلبہ کے مابین مناسب فاصلہ رکھنے کے لیے “پری پرائمری سے اپر سیکنڈری” تک کی کلاسز کو مختلف شفٹس میں بلایا جائے اور انھیں گروپس میں تقسیم کردیا جائے طلبہ اور اساتذہ میں کورونا کی کوئی بھی علامت پائی جائے انھیں اسکول میں داخل نہ ہونے دیا جائے