پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے کوئی رابطہ نہیں اور نہ ہی کسی عہدے کی پیشکش ہوئی ہے۔
شاہدآفریدی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ جارحانہ کرکٹ میں ہی ہماری کامیابی ہے، کرکٹ دلیروں کا کھیل ہے، اٹیکنگ کرکٹ نہیں کھیلیں گے تو کارکردگی بہتر نہیں ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان نئے ڈومیسٹک کو اچھا سمجھتے ہیں تو یہ بہتر ہوگا۔
شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ کسی بھی سسٹم کی افادیت کے سامنے آنے میں 2 سے 3 سال کا عرصہ لگتا ہے۔
شاہد آفریدی نے منگھوپیر کے علاقے وانگی گوٹھ کے ایک اسکول میں زیر تعلیم طلبا و طالبات سے ملاقات کی، اس دوران شاہد خان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وانگی گوٹھ کے ایک اسکول میں شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کام کرے گی، فاونڈیشن اور گرین کریسنٹ کے ساتھ مل کر یہ ذمہ داری سنبھالیں گے۔
شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ وانگی گوٹھ اسکول میں 4 کمروں پر مشتمل اسکول میں 200 سے زائد بچے زیر تعلیم ہیں ۔
شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ملک میں ہر بچے کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں، شاہد آفریدی فاوندڈیشن کے تحت ملک بھر میں 14اسکول چلائے جارہے ہیں۔
شاہدآفریدی نے کہا ہے کہ سندھ میں ایسے اساتذہ ہیں جنہیں خود تعلیم کی ضرورت ہے، سرکاری اساتذہ کو ایپل کی اسپیلنگ تک نہیں آتی۔