پاکستان فلم انڈسٹری کی صف اول کی اداکارہ ماہرہ خان بالی ووڈ کِنگ شاہ رخ خان کی اداکاری سے متاثر دکھائی دے رہی ہیں۔
سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر ماہرہ نے شاہ رخ کی 1997 میں ریلیز ہونے والی فلم ’دل تو پاگل ہے‘ کے ایک سین کی تصویر شیئر کی۔
ماہرہ نے اپنی پوسٹ میں شاہ رخ خان کی اداکاری کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ’شاہ رخ خان اداکاری کی دنیا کی ایک یونیورسٹی ہیں اور ان کی ہر فلم میں اداکاری بے مثال اور متاثر کر دینے والی ہے۔‘
واضح رہے کہ ماہرہ خان اور شاہ رخ خان ہندی فلم ’رئیس ‘ میں ایک ساتھ کام کر چکے ہیں۔
ماہرہ خان اکثر شاہ رخ کی تعریف کرتی دکھائی دی ہیں اور بتاتی ہیں کہ شاہ رخ خان ان کے پہلے کرش ہیں۔
ماہرہ کا اپنے ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ ’مجھے بھارت میں کام کر کےواقعی بہت اچھا لگا، میں نے پہلی مرتبہ شاہ رخ کے ساتھ کام کیا جو کہ میرے لیے اعزاز کی با ت ہے۔ میں ہمیشہ سوچتی تھی کہ اگر میں نے کبھی بھارت میں کام کیا تو شاہ رخ خان کے ساتھ کروں گی اور واقعی اُن کے ساتھ کام کرنا اچھا لگا۔‘
اس کے علاوہ اداکارہ نے بتایا تھا کہ میں رئیس کی شوٹنگ کے دوران فلم کی دیگر کاسٹ اور ممبران کے ساتھ بھی کافی گھل مل گئی تھی، فلم کو مکمل ہونے میں دو سال لگے اس دوران میں نے اُن تمام لوگوں کے ساتھ ہزاروں یادیں جمع کرلیں۔
بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان نے بھی ماہرہ خان کی تعریف کی تھی، ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا تھا کہ ماہرہ خان بھی میری دوسری ہیروئنوں کی طرح بہت آگے جائیں گی۔
شاہ رخ خان نے مزید کہا تھا کہ ماہرہ ایک ہائی لیول اداکارہ ہیں، بھارت میں اُن کے ڈرامے بہت زیادہ دیکھے جاتے ہیں بلکہ ہماری فلم رئیس میں بھی انہوں نے بہت اچھا کام کیا تھا۔