سرینگر(اے ایف پی /جنگ نیوز )بھارتی فوج کی مقبوضہ وادی میں کشمیریوں پر ظلم کیلئے کارروائیاں نہیں رک سکی، سرینگر میں قابض فوج نے کارروائی کرتے ہوئے خاتون کو بھی نہ بخشا اور ایک 45 سالہ خاتون سمیت 4 افراد کو شہید کردیا جس پر سرینگر بھر میں سیکڑوں افراد سڑکوں پرآگئے اور بھارتی مظالم کیخلاف بھرپور احتجاج کیا ،اس دوران مظاہرین اور بھارتی فورسز کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں اور کشمیریوں پر لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی۔اے ایف پی کے ایک فوٹوگرافر نے بتایا کہ مظاہرین ʼپاکستان زندہ باد‘ اور ʼہم آزادی چاہتے ہیں‘ جیسے نعرے لگا رہے تھے۔تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں سری نگر کے سیکڑوں شہریوں اور قابض بھارتی دستوں کے مابین شدید جھڑپیں ہوئیں۔ یہ جھڑپیں گزشتہ رات سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں شہید تین نوجوانوں ایک خاتون کی شہادتوں کے بعد شروع ہوئیں۔پولیس اور عینی شایدین نے بتایا کہ یہ تصادم اس وقت شروع ہوا، جب جمعرات 17 ستمبر کو علی الصبح سینکڑوں کی تعداد میں مقامی شہریوں نے بھارتی فورسز کے ہاتھوں مزید چار شہادتوں کے بعد احتجاج کرنا شروع کر دیا۔بھارتی فورسز نے چار کشمیریوں میں سے تین پر شدت پسند ہونے کا الزام لگایا ،جو بھارتی سکیورٹی حکام نے دعویٰ کیا کہ شہر کے ایک رہائشی علاقے میں ہونے والی فائرنگ کی زد میں آ کر خاتون شہید ہو ئی۔ پولیس نے کہا کہ یہ کارروائی شہر کے ایک رہائشی علاقے میں مبینہ شدت پسندوں کے چھپے ہونے کی خفیہ اطلا ع ملنے کے بعد نصف شب کے وقت شروع کی گئی تھی۔مقامی پولیس کے ایک اعلیٰ اہلکار نے ٹوئٹر پر ایک پیغام میں لکھاکہ کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والے فائرنگ کے تبادلے میں تین افراد جان سے گئے۔ پولیس کے ڈائریکٹر جنرل دل باغ سنگھ نے سری نگر میں صحافیوں کو بتایاکہ پولیس کو سری نگر کی اس نوجوان خاتون کی موت پر گہرا افسوس ہے۔