اسلام آباد(آئی این پی ) پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما سنیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ ملک میں سیلاب آیا ہوا ہے ، کسی کو فکر نہیں ہے ، موٹر وے میں گینگ ریپ ہوا اور پولیس سی سی پی او بدتمیزی باتیں کرے اور متاثرہ خاتون پر الزام لگایا جائے، پاکستان کے پارلیمان کو غیر فعال بنانے کی کوشش کی گئی ہے،حکومت ریاست اور سیکورٹی کا نام لیکر دوسروں کو غدار قرار دے رہی ہے ، ہم اس کی اجازت نہیں دینگے۔ جمعہ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیریں رحمان نے کہا کہ پاکستان کے عوام کو اس حکومت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ عوام خود اپنا تحفظ کریں، پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں بل پر گتنی دوبارہ نہیں کی گئی، ہم نے کہا کہ ہمارا حق ہے گنتی کروانا اور اسپیکر کا فرض ہے دوبارہ گنتی کی جائے ، کوئی ابہام ہے تو ڈویژن کر لی جائے ان کے دل میں کیا چور تھا ،کیا ڈر تھا ،حکومت ایوان اور جمہوریت کی سنہری روشنیوں کوگل کرنے کی سازش میں لگی ہوئی ہے ، حکومت نے جس طرح مشترکہ اجلاس میں پارلیمان کو بلڈوز کیا ہے اس پر ساری دنیا تھو تھو کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ اجلاس میں قائد حزب اختلاف کو مائیک نہیں دیاگیا ۔