کوہاٹ(نمائندہ جنگ‘ نامہ نگار)کوہاٹ میں اہل سنت والجماعت کی تحفظ ناموس صحابہ و اہلبیت کے حوالے سے نکالی گئی ریلی ہنگامہ آرائی میں تبدیل ہوگئی جسکے نتیجے میں ڈی ایس پی اور ایس ایچ او زخمی ہوگئے ۔ بعدازاں انتظامیہ کیساتھ کامیاب مذاکرات کے نتیجے میں ریلی کے شرکاء پرامن طور پر منتشر ہوگئے ۔ جمعہ کی نماز کے بعد اہل سنت والجماعت کی کال پر احتجاجی ریلی نکالی گئی جو سٹی پھاٹک سے پشاورچوک پہنچنے پر اسوقت بدنظمی کا شکار ہوئی جب احتجاجی مظاہرے میں شامل افراد نے متنازعہ نعرے بازی کرتے ہوئے ہنگامہ آرائی شروع کی۔مشتعل مظاہرین نے سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں پر پتھرائو کیا جسکے نتیجے میں ڈی ایس پی صدر صنوبر شاہ اور ایس ایچ او کینٹ قسمت خان پتھر لگنے سے زخمی ہوگئے ۔پولیس نے جوابی کاروائی کرتے ہوئے آنسو گیس کا استعمال کیا اور مشتعل مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ہوائی فائرنگ کی ۔اشتعال پر قابو پانے کیلئے ڈی پی او کوہاٹ جاوید اقبال اور پولیس و ضلعی انتظامیہ کے سینئیر حکام فوی طور پر بھاری پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور مظاہرے کے سرکردہ عمائدین سے کامیاب مذاکرات کرتے ہوئے حالات پر قابو پالیا ۔مظاہرین کے مطالبات منظور کرتے ہوئے انہیں یقین دہانی کرائی گئی کہ شہر میں امن کے قیام کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔