• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

APC میں مریم نواز کی تقریر بھی بہت اہم ہوگی، تجزیہ کار


کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے تجزیہ کار حامد میر نے کہا ہے کہ اے پی سی میں مریم نواز کی تقریر بہت اہم ہو گی،شہباز شریف بھی شریک ہونگے،وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود نے کہا کہ صورتحال چھٹی اور ساتویں کلاسز موخر کرنے والی نہیں ہے۔

میزبان شاہزیب خانزادہ نے اپنے تجزیئے میں کہا کہ اے پی سی میں نواز شریف کی شرکت حکومت کے لئے خطرہ بن سکتی ہے،تجزیہ کار حامد میر نے کہا کہ کس وجہ سے مسلسل اپوزیشن کو ناکامیوں کا سامنا ہے سب جانتے ہیں لیکن جمعرات کو جو آل پارٹیز کانفرنس تھی اس میں جو شہباز شریف اور بلاول نے تقاریر کی ہیں اس سے پتہ چلتا ہے کہ دونوں کافی حد تک ایک پیج پر آچکے ہیں۔ 

کئی دنوں سے ہم سن رہے تھے مسلم لیگ نون کے حلقوں میں یہ گفتگو تھی کہ کیا مناسب ہوگا کہ نوازشریف سے آل پارٹیز کانفرنس میں ویڈیو لنک کے ذریعے تقریر کروائی جائے اب بلاول بھٹو نے دعوت دے دی ہے ابھی یہ نہیں بتایا گیا کہ انہوں نے دعوت قبول کر لی ہے یا نہیں میری اطلاعات کے مطابق نوازشریف نے شرکت کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے بلکہ خطاب بھی کریں گے اور اس میں شہبازشریف اور مریم نواز بھی شریک ہوں گی۔ 

اے پی سی میں جن لوگوں نے شرکت کرنی ہے ان میں سے کئی اہم لوگوں سے بات ہوئی ہے اور حکومت کو سب سے زیادہ یہ تکلیف ہوگی کہ اگر واقعی نوازشریف نے اس اے پی سی میں خطاب کردیا چاہے وہ پاکستان کے میڈیا پر کوئی دکھائے یا نہ دکھائے لیکن بہرحال خبر ہوگی کہ نوازشریف نے خطاب کر دیا اور مریم نواز کی تقریر بھی بہت اہم ہوگی ممکن ہے وہ ہمارے لیے اتنی اہم نہ ہو لیکن وہ مسلم لیگ نون کے ووٹر کے لیے بہت اہم ہوگا اور بیس ستمبر کو واضح بھی ہوجائے گا کہ مسلم لیگ نون نے آگے کیا کرنا ہے۔

اے پی سی میں کم از کم یہ نتیجہ ضرور نکلے گا وہ رابطہ عوام مہم کا اعلان کریں گی اور اپوزیشن کے مشترکہ جلسوں کا بھی اعلان ہوسکتا ہے۔

تازہ ترین