فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کاکہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سینیٹر فیصل جاوید کا نام ٹیکس ڈائریکٹری میں غلطی سے نادہندہ کی فہرست میں شامل ہوا جس کی درستگی کردی گئی ہے۔
ایف بی آر کے مطابق سینیٹر فیصل جاوید نے 46ہزار 127 روپے ٹیکس ادا کیا، تاہم ان کا نام غلطی سے نادہندہ فہرست میں آیا تاہم یہ غلطی دور کر دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ایف بی آرکی جانب جاری کی گئی 2018ءکی ٹیکس ڈائریکٹری کے مطابق ٹیکس نادہندگان میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سمیت وفاقی وزیر فیصل واوڈا اور نور الحق قادری کے نام بھی شامل ہیں۔
ٹیکس ڈائریکٹری 2018ء کے مطابق ٹیکس نادہندہ سیاستدانوں میں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار ، وفاقی وزیر فیصل واوڈا، نورالحق قادری، ، سینیٹر شمیم آفریدی، سینیٹر رانا مقبول احمد ، زاہد اکرم درانی، شیرعلی ارباب، ایم این اے بشیرخان، محمد ساجد کے نام شامل تھے۔
دوسری جانب سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نےسب سے زیادہ 24 کروڑ13 لاکھ 29 ہزار 362 روپے ٹیکس اداکیا تھا۔