• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کانفرنس ملزمان کا اجتماع، نواز شریف نے تقریر کی تو کارروائی کریں گے، حکومت

’کانفرنس ملزمان کا اجتماع، نواز شریف نے تقریر کی تو کارروائی کریں گے‘


لاہور، اسلام آباد (نمائندہ جنگ، جنگ نیوز، ایجنسیاں) پیپلزپارٹی کی جانب سے منعقدہ اے پی سی کےحوالے سےحکومت بھی متحرک ہوگئی ہے۔ حکومتی وزراء نے اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آج ملزمان کانفرنس ہوگی،بانی ایم کیو ایم اورنوازشریف میں فرق نہیں، مجرم نوازشریف کا خطاب روکیں گے۔

ایک شخص جو مجرم ہے، بیماری کا بہانہ بناکر چلا گیا اور وہاں سے خطاب کریگا، مفرور نوازشریف کی ملکی معاملات میں مداخلت کے منفی نتائج ہونگے، شریف خاندان جھوٹ کے علاوہ کچھ نہیں بول سکتا، لوٹ مارکی دولت کوتحفظ دینے کیلئےاکٹھے ہو رہے ہیں،اے پی سی کا رزلٹ صفر ہی ہوگا۔ 

وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے اپوزیشن کی ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہےکہ آج ملزمان کانفرنس ہے، مجرم نواز شریف کا خطاب روکیں گے ایک شخص جو مجرم ہے، بیماری کا بہانہ بناکر چلا گیا اور وہاں سے خطاب کریگا۔ 

وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے مشیر داخلہ شہزاد اکبر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اے پی سی سے نواز شریف کے ممکنہ خطاب کے حوالے سے کہا کہ قانون کے سامنے پیش ہونے کیلئے وہ بیمار ہیں لیکن اے پی سی سے خطاب کرینگے۔ 

انہوں نے کہا کہ اپوزيشن مل بیٹھ کر یہ طے کریگی کہ کس طرح ملک میں بے امنی اور کنفیوژن پھیلائی جائے، یہ نہ امیدی پھیلا رہے ہيں جس سے ملک میں سنجیدہ مسئلہ ہوسکتا ہے۔ اس موقع پر مشیر داخلہ شہزاد اکبر نے کہا کہ کی اے پی سی ملزمان کا اجتماع ہے، اپوزیشن کے تحفظات یہ ہیں کہ اب ان کے جج نہيں لگ رہے، آزاد عدلیہ انہيں دُکھ رہی ہے۔ 

وزیر اطلاعات نے کہا کہ بانی ایم کیو ایم اور نوازشریف میں فرق نہیں، دونوں نے ملک کو نقصان پہنچایا ہے۔شبلی فراز نے کہا کہ مشترکہ اجلاس میں اہم قوانین منظور کیے گئے ہیں قانون سازی ملک کیلئے نہایت اہم تھی۔شبلی فراز نے کہا کہ اپوزیشن نے ذاتی مفادات کیلئے ان قوانین کے خلاف پورا زور لگایا، حکومت کا ہر اچھا اقدام اور قانون سازی اپوزیشن کیلئے بری خبر ہے۔ 

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے کہا ہے کہ نواز شریف نے اے پی سی سے خطاب کیا تو قانونی کارروائی کرینگے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ اگر نواز شریف نے اے پی سی سے خطاب کیا اور ان کا خطاب نشر ہوا تو پیمرا اور دیگر قانونی آپشن استعمال ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ کس طرح ممکن ہے کہ ایک مفرور مجرم سیاسی سرگرمیاں کرے اور بھاشن دے- ان کا کہنا تھا کہ شریف خاندان جھوٹ کے علاوہ کچھ نہیں بول سکتا، یہ اتنے جھوٹے ہیں کہ بیماری پر بھی جھوٹ بولتے ہیں۔ 

وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارنے کہاہے کہ اے پی سی کے نام پر اپنے اپنے مفادات اور لوٹ مار کی دولت کو تحفظ دینے کا اکٹھ ہو رہا ہے اور اپوزیشن جماعتوں کی یہ بیٹھک عوام کیلئے نہیں بلکہ اپنی کرپشن بچانے کیلئے ہے۔

پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے دھمکی دی ہے کہ نوازشریف مفرور، اشتہاری ہیں، سیاسی طور پر ریاستی معاملات پرمداخلت کی تواس کے منفی نتائج سامنےآئیں گے۔

تازہ ترین