• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اے پی سی، فضل الرحمان کا تقریر براہ راست نہ دکھانے پر احتجاج


کراچی (جنگ نیوز) آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی)میں تقریر نہ دکھانے پر جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے بلاول بھٹو سے احتجاج کیا،انہوں نے کہا کہ باقی لوگوں کی تقریریں براہ راست دکھائی گئیں، میری تقریر کیوں نہیں دکھائی گئی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ آل پارٹیز کانفرنس کے دوران خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حکومت تو ہماری آواز پبلک میں جانے سے روکتی ہے، لیکن آج اے پی سی نے بھی ہماری تقریر باہر جانے سے روک دی۔ ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ شرکاء نے دوسرے سیشن کی تقریریں لائیو نہ دکھانے کی درخواست کی تھی۔ ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو کی وضاحت پر بھی مولانا فضل الرحمان مطمئن نہ ہو پائے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم نے تقریر براہ راست نہ دکھانے کی درخواست نہیں کی تھی۔ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان کا شکوہ سن کر پیپلز پارٹی کی رہنماء شیریں رحمان اور نون لیگ کی رہنماء مریم اورنگزیب فوری طور پر وہاں پہنچ گئیں، جس کے بعد مولانا فضل الرحمان کو منانے کی کوشش بھی کی گئی۔نیوز ایجنسی آن لائن کے مطابق جمعیت علماء اسلام ( ف ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے اے پی سی میں اسمبلیوں سے استعفے اور سندھ اسمبلی کو تحلیل کرنے کی تجویز د یتے ہوئے کہا کہ ہمیں آج ہی فیصلہ کرنا ہوگا کہ ہم اسمبلیوں سے مستعفی ہوں گے، وزیراعظم سمیت اسمبلیاں جعلی اور میرے نزدیک سینیٹ چیئرمین بھی جعلی ہے، ہم نے مظبوط موقف کی طرف جانا ہے۔ اتوار کو اسلام آباد میں منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن کا کہناتھاکہ اج پارلیمینٹ میں قانون سازی ہو رہی ہے کیا یہ بندوق کے زور پر نہیں ہو رہی؟۔اگر اسلام بندوق کے زور پر ناروا ہے تو قانون بندوق کے زور پر کیسے روا؟ ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اب زبانی باتیں نہیں کرنی بلکہ ہمیں تحریری بات کرنی ہوگی۔

تازہ ترین