• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپوزیشن کی سیاست ہی نہیں جائیدادیں بھی داؤ پر لگی ہیں، اسد عمر


وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کی سیاست ہی نہیں جائیدادیں بھی داؤ پر لگی ہوئی ہیں۔

اسلام آباد میں وفاقی وزراء شبلی فراز، شاہ محمود قریشی، فواد چوہدری اور اسد عمر نے مشترکہ پریس کانفرنس کی، جس میں گزشتہ روز کی اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی ) پر اظہار خیال کیا گیا۔

اسد عمر نے کہا کہ اینٹی منی لانڈرنگ قانون سے اپوزیشن کی ملک سے باہر جائیدادوں کو خطرہ ہے، فوج اور سویلین حکومتیں مل کر کام کر رہی ہیں۔


انہوں نے کہا کہ فیٹف قانون پاکستان کو بلیک لسٹ میں جانے سے بچانے کیلئے بنایا گیا، سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ نواز شریف نے کل یہ باتیں کیوں کی؟

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ نوازشریف کل کے خطاب کے دوران فواد چوہدری سے کم صحت مند نہیں لگ رہے تھے۔

وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا کہ نوازشریف بڑے توانا ہشاش بشاش لگ رہے تھے، کیا سابق وزیراعظم اب بھی اسی بات پرقائم ہیں کہ وہ بیمار ہیں؟

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے فیصلہ کیا اپوزیشن کا کوئی بھی رہنما ہو ان کی تقریر چلنے دی جائے، اس لیے ہم نے نواز شریف، آصف زرداری، بلاول بھٹو زرداری اور فضل الرحمٰن کی تقریریں نہیں روکیں۔

وزیر اطلاعات و نشریات نے یہ بھی کہا کہ اس الیکشن میں نواز شریف کو شکست ہوئی تو وہ سیخ پا ہوگئے، کیا جن انتخابات کے ذریعے وہ وزیراعظم بنے وہ شفاف، باقی دھاندلی شدہ تھے؟

انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو شاید صاف اور شفاف انتخابات کی عادت نہیں، انہوں نے انتخابی عمل کو مشکوک بنانے کی کوشش کی ہے۔

تازہ ترین