یوٹیلٹی اسٹورز نے حکومت سے 50 ہزار میٹرک ٹن درآمدی چینی مانگ لی۔
یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن نے وزارت صنعت و پیداوار سے مقامی کے بجائے درآمدی چینی طلب کرتے ہوئے کہا کہ مقامی چینی مہنگی پڑ رہی ہے ہمیں درآمدی چینی دی جائے۔
یوٹیلیٹی اسٹورز نے وزارتِ صنعت و پیداوار کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ ہم مقامی چینی مہنگی ہونے کے باعث درآمدی چینی لینا چاہتے ہیں۔
ذرائع یوٹیلٹی اسٹورز کا کہنا ہے کہ درآمدی چینی 6 سے 8 روپے فی کلو سستی ملنے کی توقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یوٹیلٹی اسٹورز کو درآمدی چینی زیادہ سے زیادہ 88 روپے تک کلو میں پڑے گی، جبکہ مقامی شوگر ملز سے یوٹیلٹی اسٹورز کو چینی 94 روپے فی کلو میں پڑے گی۔
ذرائع یوٹیلٹی اسٹورز کا کہنا ہے کہ کارپوریشن کا مقامی سطح پر بھی چینی کی خریداری کا عمل جاری ہے، جبکہ یوٹیلٹی اسٹورز نے 35 ہزار ٹن چینی خریدنے کیلئے ٹینڈر بھی جاری کیا ہے۔