• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیڈفورڈ شائر میں کتوں کی چوری پر ایک خاتون گرفتار

لندن (پی اے) بیڈفورڈ شائر میں 50000 پونڈ مالیت کے کتوں کی چوری پر ایک خاتون کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ بیڈ فورڈ شائر میں وائیلڈن سے اتوار 13 ستمبر کو آٹھ کتے چوری کر لیے گئے تھے۔ پولیس نے کہا کہ اس علاقے میں کتوں کی چوری کی کوشش کی گئی ہے اور مالکان کو اس سلسلے میں اب چوکنا رہنا چاہیے۔ پولیس نے اس عورت کو، جس کی عمر 20 سال سے زائد ہے، ڈنسٹیبل ایریا سے چوری کے شبہ میں گرفتار کیا اور انکوائری جاری ہے۔ چوری کیےجانے والے قیمتی کتوں میں بلیک لیبرباڈر، دو کوکر سپانیلز اور پانچ انگلش سپرنگر سپانیلز تھے۔ بیڈفورڈ شائر پولیس ڈیٹیکٹو سارجنٹ راکیل فوئے نے کہا کہ ہم تمام کنیل مالکان اور ڈاگ اونرز سے بھی درخواست کرتے ہیں کہ وہ اپنے کتوں اور ان کے احاطے کو محفوظ بنائیں۔ اس میں یہ یھی یقینی بنایا جائے کہ ان کے کتوں کو مائیکرو چپ لگی ہو اور جہاں ممکن ہو وہاں سی سی ٹی وی اور اضافی تالے بھی لگائے جائیں اور اس کے ساتھ ہی پبلک مقامات پر کتوں کو بلاوجہ کھلا نہ چھوڑیں۔ کنیل اونر نے بتایا کہ کتوں کو 10 منٹ کے اندر لے جایا گیا۔ چوروں نے 12 فٹ کی باڑ اور فائر ڈور کو توڑ دیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ بریڈنگ اور ٹریننگ کے اخراجات کی وجہ سے ان کتوں کی قیمت تقریباً 50000 پونڈ تھی۔
تازہ ترین