• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیرین جہانگیر کی جادوئی پرفارمنس سے ’بریٹنز گاٹ ٹیلنٹ‘ کے ججز متاثر

لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) 14سالہ بصارت سے محروم پاکستانی نژاد برطانوی گلوکارہ سیرین جہانگیر کی کانوں میں رس گھولتی آواز نے ’بریٹنز گاٹ ٹیلنٹ‘ کے سیمی فائنل مقابلے کے ججز کو بھی یہ کہنے پر مجبور کر دیا کہ یہ پرفارمنس جادوئی تھی۔ گلوکارہ سیرین جہانگیر نے موسیقی کے اس بڑے مقابلے میں اپنی سریلی آواز اور شاندار پرفارمنس کے ذریعہ لاکھوں دل جیت لیے۔سیرین کی بہترین پرفارمنس پر ججوں نے ’منفرد‘، ’جادوئی‘ اور ’خصوصی‘ کے خطابات سے نوازا۔ سیرین جہانگیر نے اس مقابلے کے سیمی فائنل شو میں شرکاء کو مبہوت کرکے رکھ دیا۔ 14سالہ سیرین جہانگیر وزیراعظم عمران خان کے دیرینہ دوست اور برطانیہ اور یورپ میں تجارت وسرمایہ کاری سے متعلق ان کے ترجمان صاحبزادہ جہانگیر کی پوتی ہیں۔ سیرین کی پرفارمنس کے دوران تمام شرکاء پر مکمل سکوت چھایا رہا اور ساتھ جج بھی ان کی پرفارمنس سے مبہوت ہوکر رہ گئے اور یہ سکوت ان کے سیمی فائنل کی پرفارمنس کے اختتام پر اس وقت ٹوٹا جب محفل میں شریک ہر شخص سیرین کے ساتھ رو نے لگا۔پرفارمنس کے اختتام پر سیرین پیانو سے اٹھی اور اس کے والد کفیل جہانگیر اسے اسٹیج کے وسط میں لے کر آئے جہاں ججوں اورشرکاء نے کھڑے ہوکر انھیں ان کی یادگار پرفارمنس پر خود داد دی، ان کی ناقابل فراموش پرفارمنس کی برطانیہ کے مقبول شوز کی تاریخ میں کوئی نظیر نہیں ملتی۔ ججوں نے بھی ان کی پرفارمنس کی تعریف میں کسی بخل سے کام نہیں لیا۔2 ماہ قبل شمالی لندن میں اپنی رہائش گاہ پر جیو اور جنگ سے باتیں کرتے ہوئے سیرین نے بتایا تھا کہ اپنے لونگ روم میں اپنے بھائیوں کے لیے گانا گاتے ہوئے ان کی زندگی میں اچانک تبدیلی آئی اور وہ لاکھوں افراد کے لیے گانا گانے لگیں اور پوری دنیا میں ان کی پذیرائی کی گئی۔ وزیراعظم عمران خان بھی کئی سال قبل ہائیڈ پارک کے نزدیک ان کے گھر آئے تھے اور انھوں نے ان سے ملاقات کی، بعد میں وہ بصارت سے بالکل ہی محروم ہوگئیں۔ سیرین کی سیمی فائنل میں پرفارمنس کے بعد پی ٹی آئی برطانیہ کے رہنما صاحبزادہ جہانگیر نے کہا کہ اب اس بات کا انحصار عوام پر ہے کہ وہ سیرین کو 10 اکتوبر کے فائنل میں شامل کیے جانے کے لیے انھیں ووٹ دیں۔

تازہ ترین