• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک بھر میں آج سے مڈل اسکولز کھولنے کا اعلان، سندھ میں 28ستمبر سے آغاز

ملک بھر میں آج سے مڈل اسکولز کھولنے کا اعلان، سندھ میں 28ستمبر سے آغاز


اسلام آباد (اے پی پی) حکومت نے کورونا وائرس کی وبا میں کمی کے بعد مڈل اسکولز کھولنے کا اعلان کردیا ہے۔

ایس او پیز کے تحت (آج) بدھ 23 ستمبر سے چھٹی، ساتویں اور آٹھویں جماعتوں کے طلباءاسکول جائیں گے۔ شفقت محمود نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے ضلع راولاکوٹ کے تعلیمی ادارے 23 ستمبر سے نہیں کھلیں گے جبکہ صوبہ سندھ نے بھی تعلیمی اداروں کو 23 ستمبر سے کھولنے پر معذرت کی ہے۔

سندھ نے کہا ہے کہ وہ مزید ایک ہفتہ کا جائزہ لے گا۔سندھ کے وزیرتعلیم سعید غنی کا کہنا ہے کہ صوبے میں پرائمری اور آٹھویں تک کی کلاسز کا آغاز 28 ستمبر سے ہی ہوگا، ایس او پیز پر عمل در آمد تک بچوں کی صحت پرسمجھوتہ نہیں کرسکتے۔ 

شفقت محمودنے کہا کہ آئندہ ایک ہفتہ تک کووڈ۔19 کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد 30 ستمبر سے پرائمری کی سطح کے تعلیمی اداروں کے کھولنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے اسکولوں کے کھلنے کے دوسرے مرحلہ کا اعلان کیا۔ 

اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے نیشنل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر فیصل سلطان بھی موجود تھے۔ اس بات کا فیصلہ این سی او سی میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا جس میں آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور ڈاکٹر فیصل سلطان بھی اپنی ٹیم کے ہمراہ شریک تھے۔ شفقت محمود نے کہا کہ یونیورسٹیاں، انٹرمیڈیٹ کلاسیں (11ویں اور 12ویں) اور 9ویں اور 10ویں کے طلباء پہلے ہی 15 ستمبر سے اسکول جا رہے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ دوسرے مرحلہ میں (آج) بدھ 23 ستمبر سے چھٹی، ساتویں اور آٹھویں جماعت کے طلباءسکول جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کو دوبارہ کھولنا انتہائی سخت فیصلہ تھا۔

تازہ ترین