• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آرڈی اے ، بعض اہلکار ایک دہائی سے پروموشن کے منتظر

راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے ) آرڈی اے میں بعض سٹاف کو پچھلی ایک دہائی سے پروموشن مل سکی ہے اور نہ ہی انہیں پنجاب حکومت کی طرف سے ملنے والی اگلے گریڈز میں اپ گریڈیشن دی گئی ہے جس کے نتیجہ میں وہ شدید ذہنی دبائو کا شکار ہو چکے ہیں ۔ بعض ملازمین نے بتایا کہ آرڈی اے میں پچھلے 14 سال سے تعینات پٹواری پنجاب بھر میں پٹواریوں کو گریڈ نو میں اپ گریڈیشن ملنے کے باوجود وہ گریڈ پانچ میں ہی کام کرنے پر مجبور ہے ۔دو ایڈمن افسر گریڈ سترہ میں اپ گریڈیشن نہ ملنے کے باعث پچیس سال کی سروس پر ریٹائر منٹ لینے پر مجبور ہو گئے۔ ادارے میں کام کرنے والے پانچ ، چھ بلڈنگ انسپکٹر بھی 2017ء سے اپ گریڈیشن کے حصول کیلئے مارے مارے پھر رہے ہیں حالانکہ پنجاب کے دیگر محکموں میں بلڈنگ انسپکٹر وغیرہ کو گریڈ گیارہ سے چودہ میں اپ گریڈیشن مل چکی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ وہ 2005ء میں ادارے میں بھرتی ہوئے تھے ، پانچ سال ہمیں کنٹریکٹ پر رکھنے کے بعد ریگولر کیا گیا ، وہ پانچ سال بھی سروس میں تاحال شامل نہیں کئے گئے اور نہ ہی اگلے گریڈ میں پروموشن دی گئی ہے اور نہ ہی اپ گریڈیشن دی جا رہی ہے۔ ادارے میں کام کرنے والا گرداور بھی اسی سکیل میں کام کر رہا ہے اسے بھی پنجاب کے محکمہ مال کے گرداروں کے برابر اپ گریڈیشن نہیں دی گئی ۔ بعض متاثرہ ملازمین کا کہناتھا کہ منظور نظر ملازمین کو نہ صرف بروقت ترقیاں مل جاتی ہیں بلکہ وہ اپنے سیکشن سے ہٹ کر بھی کام کر رہے ہیں اور ایسے لوگوں کا کام اتھارٹی کے ذریعے ہی ہو جاتا ہے مگر جن کا کام نہیں کرنا ہوتا ہے ان کے کیس پنجاب حکومت کو بھجوا دیئے جاتے ہیں۔اس حوالے سے ترجمان آرڈی اے حافظ محمد عرفان کا کہنا تھا کہ ان ملازمین کو بھی جلد ہی پروموشن اور اپ گریڈیشن دیدی جائیگی ، بعض معاملات میں قانونی پیچیدگیوں کے باعث تاخیر ہو جاتی ہے۔
تازہ ترین