کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل لاہور نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے خلاف مالی بے ضابطگیوں کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے اور پی سی بی سے وضاحت مانگی گئی ہے۔اس سلسلے میں ایڈیشنل ڈائریکٹر نے پی سی بی کے ڈائریکٹر سیکورٹی اینڈ اینٹی کرپشن کو خط تحریر کیا ہے۔
اس حوالے سے پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ پی سی بی خود مختار ادارہ ہے جو اپنے وسائل سے اپنے فنڈ حاصل کرتا ہے۔حکومت پاکستان یا صوبائی حکومت کی امداد سے چلنے والا ادارہ نہیں ہے۔پی سی بی اپنی آمدنی کو کرکٹ کے فروغ پر خرچ کرتا ہے۔
پاکستان سپر لیگ میں حکومتی فنڈز کے غلط استعمال کا الزام غلط ہے۔غیر ملکی نشریاتی ادارے کو نشریاتی حقوق کم نرخوں میں دینے کا بھی الزام درست نہیں ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی میں غیر قانونی بھرتیوں اور پی ایس ایل ون اور ٹوکے آڈٹ نہ کرنے کا الزام ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے کے سامنے پی سی بی کا ایک افسر پیش ہوچکا ہے جس نے ان الزامات کے بارے میں اپنا موقف بیان کیا تھا۔