• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حیات آباد میں گرانفروشوں کیخلاف کارروائیاں‘ 22افراد گرفتار

پشاور( وقائع نگار) محکمہ خوراک نے حیات آباد میں گرانفروشوں کیخلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 22 افراد کو گرفتار کرلیا جبکہ یونیورسٹی ٹاؤن میں باسی کیک فروخت کرنے پر منیجر کو جیل بھیج دیا۔ عوامی شکایات پر ایکشن لیتے ہوئے محکمہ خوراک کی ٹیموں نے حیات آباد کے مختلف مارکیٹوں یوسفزئی‘ بشارت‘ خٹک اباسین‘ مدینہ‘ روحیلہ مارکیٹ اور رنگ روڈ پر فوڈ پوائنٹس میں اشیائے خوردونوش کے نرخوں سے متعلق آگاہی حاصل کی اور عام شہری کے روپ میں خریداری کی۔ سرکاری نرخنامے سے تجاوز کرنے پر 19 افراد کو گرفتار کر کے ان کے خلاف متعلقہ تھانے میں مراسلے جمع کردیئے جبکہ یونیورسٹی ٹاؤن میں باسی کیک فروخت کرنے پر ایک بیکری کے منیجر کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا۔ گرفتار افراد میں نانبائی‘ دودھ و دہی فروش‘ پھل و سبزی فروش‘ جنرل سٹور اور بیکری مالکان سمیت قصائی شامل ہیں۔ راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گرانفروشوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں بدستور جاری رہیں گی اور کسی کیساتھ رعایت نہیں برتی جائیگی۔انہوں نے محکمہ خوراک کے اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرز اور فوڈ انسپکٹرز کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر پشاور کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں جاری رکھیں۔ اشیائے خوردونوش کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا جبکہ غیر معیاری اشیاء کی خرید و فروخت کرنیوالوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ خوراک کے اعلیٰ حکام کی ہدایت پر شہریوں کو معیاری اشیاء کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر فوڈ پوائنٹس میں چیکنگ کی جاتی ہے اور جو بھی اس مکروہ دھندے میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائیگی۔
تازہ ترین