دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں آئرلینڈ ویمن نے پاکستان ویمن کو 4 وکٹ سے شکست دے دی، 3 میچوں کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔
ڈبلن میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان ویمن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور 6 وکٹ پر 168رنز اسکور کیے، آئرلینڈ ویمن نے ہدف آخری گیند پر 6 وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
پاکستان ویمن کی اوپنر شوال ذوالفقار نے 33 رنز کی اننگز کھیلی، نتالیہ پرویز نے 31 رنز بنائے، منیبہ علی نے 27 رنز اسکور کیے، کپتان فاطمہ ثناء اور ایمان فاطمہ نے 23، 23 رنز کی باریاں کھیلیں۔
آئرلینڈ کی لارا میک برائیڈ اور کارا مرے نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جواب میں آئرلینڈ ویمن کی جانب سے اورلا پرینڈی گراسٹ نے 51 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، اُن کے علاوہ لارا ڈینلے نے 42 رنز بنائے۔
آئرش ٹیم کو میچ کے آخری اوور میں جیت کے لیے 9 اور آخری گیند پر 4 رنز درکار تھے، جین میک گوائر نے چھکا لگا کر ٹیم کو 4 وکٹ سے فتح دلا دی، ریبیکا اسٹوکیل 34 رنز پر ناقابلِ شکست رہیں۔
اس کامیابی کے بعد آئرلینڈ ویمن ٹیم نے 3 میچوں کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے۔