• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’جنگ‘، ’جیو‘ کے رپورٹر ریاض شاکر انتقال کر گئے


روزنامہ ’جنگ‘ اور ’جیو نیوز‘ کے کورٹ رپورٹر ریاض شاکر لاہور میں انتقال کر گئے، مرحوم ’جنگ گروپ‘ سے 30 سال سے زائد عرصے سے منسلک تھے۔

مرحوم کی نمازِ جنازہ شام ساڑھے 4 بجے بہاولپور روڈ پر واقع جنازہ گاہ میں ادا کی جائے گی جس کے بعد انہیں میانی صاحب قبرستان میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔

جہانِ فانی سے کوچ کرجانے والے روزنامہ ’جنگ‘ اور ’جیو نیوز‘ کے کورٹ رپورٹر ریاض شاکر دمے اور پھیپھڑوں کے مرض میں مبتلا تھےاور گزشتہ 4 دن سے میؤ اسپتال لاہور میں وینٹی لیٹر پر تھے۔

ریاض شاکر ’جنگ گروپ‘ کے ساتھ 32 سال سے وابستہ تھے، ’جیو نیوز‘ کی لانچنگ کے بعد انہیں ’جیو نیوز‘ کے لیے بھی عدالتی رپورٹنگ کی ذمے داریاں سونپ دی گئیں۔

ریاض شاکر نے محنت اور صلاحیت سے عدالتی رپورٹنگ میں اپنا مقام بنایا، ان کا خاصہ تھا کہ وہ ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ کی رپورٹنگ کی حساسیت کو سمجھتے تھے۔

وہ عجلت اور جلد بازی کے قائل نہ تھے بلکہ خبر کنفرم کر کے دیتے تھے، وہ اپنی اور اپنے ادارے کی ساکھ کو ہمیشہ ملحوظ رکھتے، ان کی جدائی ان کے خاندان کے ساتھ ساتھ ’جنگ گروپ‘ اور ’جیو نیوز‘ کا بھی بڑا نقصان ہے۔


ریاض شاکر اچھے کارٹونسٹ بھی تھے، یہ فن انہیں اپنے والد محمد بشیر احمد شاکر سے ورثے میں ملاتھا۔

مرحوم ریاض شاکر نے 3 بیٹے اور ایک صاحبزادی سوگوار چھوڑی ہیں۔

تازہ ترین