• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنگ اور جیو نیوز کے کورٹ رپورٹر ریاض شاکر سپرد خاک


روزنامہ جنگ اور جیو نیوز کے کورٹ رپورٹر ریاض شاکر کو لاہور کے میانی صاحب قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا، مرحوم کی نمازِ جنازہ میں عزیز و اقارب، صحافیوں، وکلا اور مختلف شعبوں کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی، وزیر اعلیٰ پنجاب نے ریاض شاکر کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

روزنامہ جنگ اور جیونیوز کے کورٹ رپورٹر ریاض شاکر کی نماز جنازہ بہاولپور روڈ پر ادا کی گئی جس میں مرحوم کے رشتے داروں، جنگ، جیو کے کارکنوں، وفاقی وزیر فواد چودھری، پیپلز پارٹی کے اسلم گل، جماعت اسلامی کے قیصر شریف، ایڈووکیٹ اعظم نذیر تارڑ، سینئر صحافیوں انجم رشید اور اطہر مسعود سمیت دیگر شعبوں کے لوگوں نے شرکت کی۔

مرحوم ریاض شاکر پھیپھڑوں کے مرض کے باعث چار روز سے میو اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔

ریاض شاکر جنگ گروپ سے 32 سال سے وابستہ تھے، جیو نیوز کی لانچنگ کے بعد انہیں جیو کے لیے بھی عدالتی رپورٹنگ کی ذمے داریاں سونپ دی گئیں۔

انہوں نے محنت اور لگن سے عدالتی رپورٹنگ میں اپنا مقام بنایا، وہ کورٹ رپورٹنگ کی حساسیت کو سمجھتے تھے اور عجلت کے قائل نہ تھے، اپنی اور اپنے ادارے کی ساکھ ہمیشہ عزیز رکھتے۔

ان کی جدائی جنگ اور جیو گروپ کا بڑا نقصان ہے، ریاض شاکر اچھے کارٹونسٹ بھی تھے، یہ فن انہیں اپنے والد محمد بشیر احمد شاکر سے ورثے میں ملا تھا، مرحوم نے 3 بیٹے اور ایک بیٹی سوگوار چھوڑی ہے۔

ان سے متعلق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ جب سے انہوں نے وکالت شروع کی ریاض شاکر کورٹ رپورٹنگ میں سب سے بڑا نام تھا۔

معروف ایڈوکیٹ اعظم نذیر تارڈ اور دیگر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ سچی لگن رکھنے والا کورٹ رپورٹنگ کا ایک سچا انسان مسکراتے چلا گیا۔

تازہ ترین