• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خورشید شاہ، شاہ محمود کی آفتاب شیر پائوسے ملاقاتیں،پاناما لیکس پر تبادلہ خیال

ملتان،اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر،آن لائن ،این این آئی) پاکستان تحریک انصاف اور قومی وطن پارٹی پاناما لیکس پر چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیشن بنانے پر اتفاق کیا ہے ،جبکہ پیپلزپارٹی کی پارلیمانی کمیٹی نے پانامالیکس کے معاملے پرسیاسی جماعتوں سے مشاورت شروع کردی ،تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد خان شیرپائو کے گھر گئے جہاں پر دونوں رہنمائوں کے درمیان ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال بالخصوص پانامالیکس کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔شاہ محمود قریشی نے تحریک انصاف کا موقف پیش کیا جس پر آفتاب شیر پائو نے موقف کی تائید اور اپنی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی ۔ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ قوم پاناما لیکس کے حوالے سے حقائق جاننا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاناما لیکس میں صرف وزیراعظم نواز شریف کے خاندان کے نام ہی نہیں بلکہ 25 افراد کے نام شامل ہیں، چیف جسٹس کی سربراہی میں انکوائری کمیشن کے ذریعے شفاف تحقیقات سامنے لائی جا سکتی ہیں، اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کی قیادت میں پیپلزپارٹی کی پارلیمانی کمیٹی کے رہنمائوں نے قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب شیرپائوسے ملاقات کی ۔ ملاقات کے بعد نجی ٹی وی سے گفتگوکرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہاکہ دیگرسیاسی جماعتوں سے مشاورت کاسلسلہ پیرسے شروع کرینگے ۔ پیپلزپارٹی کی کورکمیٹی فیصلہ کرچکی ہے کہ عدالتی کمیشن نہیں اب پارلیمانی کمیشن کامطالبہ کرینگے ۔مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی نے ایم ڈبلیو ایم مرکزی سیکرٹریٹ میں مشترکہ میڈیا بریفنگ کے دوران  پانامہ لیکس کی شفاف تحقیقات کامطالبہ کیا ہے۔ علامہ ناصر عباس نے کہا کہ موجودہ حکمران اخلاقی تنزلی ا ور کرپشن کے عالمی الزامات کے باعث حق اقتدار کھو بیٹھے ہیں،شاہ محمود قریشی نے علامہ ناصر عباس جعفری کو تین سال کے لیے دوبارہ جماعت کا سیکرٹری جنرل  منتخب ہونے پر عمران خان کی طرف سے پھولوں کا گلدستہ پیش کیا اور تحریک انصاف کی طرف سے مبارکباد دی ۔
تازہ ترین