• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان ہائی کمیشن کی کرکٹ ٹیم اور ووکنگ کلب کے درمیان دوستانہ میچ

لندن (پ ر) پاکستان ہائی کمیشن لندن کی کرکٹ ٹیم نے ایک روز قبل ووکنگ کرکٹ کلب سے ایک دوستانہ ٹی۔ 20میچ کھیلا۔ یہ میچ ووکنگ اینڈ ہارسل کرکٹ کلب پر کھیلا گیا۔ ہائی کمشنر معظم احمد خان جوکہ خود بھی شوقیہ کرکٹر ہیں، اپنی اہلیہ کے ہمراہ میچ دیکھا۔رکن پارلیمنٹ جوناتھن لارڈ ، میئر ووکنگ کونسلر بیرل ہنوکس اور مقامی کمیونٹی کے ارکان نے مہمان جوڑے کا استقبال کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ہائی کمشنر نے کہا کہ انہیں اور ان کی اہلیہ کو یہ دیکھ کر خوشی ہوئی ہے کہ کمیونٹی سے ان کا پہلا رابطہ کرکٹ کے ذریعے ہواجو پاکستان کا مقبول ترین کھیل ہے۔ خوشگوار اندا ز میں گفتگو کرتے ہوئے مسٹر خان نے کہا کہ ماضی میں وہ سنجیدگی سے کرکٹ کھیلتے رہے ہیں جسے وہ اب تک ذہن سے نکالنے میں کامیاب نہیں ہوئے۔ ہائی کمشنر نے اپنے اور اہلیہ کے پرجوش خیرمقدم پر میزبان اور مقامی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ایسے وقت جب کرکٹ سیزن خاتمہ کے قریب ہے، خوبصورت شہر میں ایک محبت بھرے دن کا انعقاد کرنے کو بھی سراہا۔ ہائی کمشنر نے کہا کہ وہ مستقبل میں بھی کمیونٹی سے رابطوں کے لئے کرکٹ کے مزید ایونٹس منعقد کرائے جانے کی امید رکھتے ہیں۔ رکن پارلیمنٹ اور میئر نے ہائی کمشنر کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے پبلک سے اپنے پہلے رابطے کے لئے ووکنگ آمد کا انتخاب کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ کرکٹ بہت سی چیزوں میں سے ایک ہے جو انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان دوستانہ تعلقات کو فروغ دینے کا باعث ہے۔
تازہ ترین