اسلام آباد (نمائندگان جنگ ) گلگت بلتستان الیکشن 2020 کیلئے پاکستان تحریک انصاف اور مجلس وحدت مسلمین کے درمیان انتخابی اتحاد کا باضابطہ اعلان کردیا گیا، یہ اعلان وفاقی وزیر امور کشمیر،گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور نے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصرعباس شیرازی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا، اس موقع پر وزیر اطلاعات شبلی فراز بھی موجود تھے،ارشد داد نےگلگت بلتستان کے24حلقوں سے نامزد مشترکہ امیداروں کے ناموں کا اعلان کیا،مشترکہ پریس کانفرنس میں علی امین گنڈا پور نے کہاکہ جی بی کے عوام کو تعلیم، صحت ، روزگار اور آئینی حقوق کی فراہمی کیلئے مجلس وحدت مسلمین کے ساتھ انتخابی اتحاد کا اعلان کرتے ہیں، دونوں جماعتیں مل کرآئندہ الیکشن میں حصہ لیں گی اور حکومت سازی میں بھی شریک ہوں گی، ایک اور سیاسی جماعت اسلامی تحریک پاکستان کو شامل کرنے کیلئے مذاکرات جاری ہیں ،امید ہے کہ وہ بھی جلد اس اتحاد کاحصہ ہوں گے۔