• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان سے ٹڈی دل کا خاتمہ کر دیا: محکمۂ زراعت

بلوچستان میں محکمۂ زراعت کے حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ضلع لسبیلہ سے ٹڈی دل کو مکمل طور پر تلف کر دیا گیا ہے، یوں صوبے بھر سے ٹڈی دل کا خاتمہ ہوگیا ہے۔

ماہرین کے مطابق آئندہ ماہ بھارت سے مزید ٹڈی دل کے آنے کا امکان کم رہ گیا ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر پلانٹ پروٹیکشن عارف شاہ نے ’جیو نیوز‘ کو بتایا کہ بلوچستان کے محکمۂ زراعت کے ماہرین نے این ڈی ایم اے کی مدد سے بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں موجود ٹڈی دل کو تلف کر دیا ہے۔

عارف شاہ نے کہا کہ موسم کے لحاظ سے ضلع لسبیلہ ٹڈی دل کیلئے بہت موزوں ضلع ہے، اس لئے یہاں ٹڈی دل کو تلف کرنے میں دیگر اضلاع کی نسبت زیادہ وقت لگا ہے۔


انہوں نے مزید بتایا کہ اب بلوچستان کے تقریباً تمام اضلاع سے ٹڈی دل کا خاتمہ ہوگیا ہے، محکمۂ زراعت نے ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے ڈبلیو ایف او کے تعاون سے ای لوکاسٹ تھری جی سسٹم متعارف کرایا ہے جس سے صوبے میں ٹڈی دل کی موجودگی کے حوالے سے فوری معلومات ملتی ہے۔

عارف شاہ نے یہ بھی بتایا کہ اب محکمۂ زراعت ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے جدید سامان سے لیس ہے، 2 ہزار پمپس، ایک سو پاور پمپس اور 3 لاکھ لیٹر ادویات موجود ہیں۔

تازہ ترین