• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چین کے ساتھ نئی سرد جنگ میں امریکہ اور یورپ کو متحد ہونے کی ضرورت ہے، جرمنی

برلن (اے پی پی) جرمنی نے کہا ہے کہ چین کے ساتھ نئی سرد جنگ میں امریکہ اور یورپ کو متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ امریکہ اور کینیڈا کے ساتھ تعلقات کے بارے میں جرمن حکومت کے کوارڈینیٹر پیٹر بےئر نے فرانسیسی خبر رساں ادارے کو انٹرویو کے دوران دعویٰ کیا کہ امریکہ اور چین کے درمیان سرد جنگ شروع ہو چکی ہے اور یہی سرد جنگ موجودہ صدی میں پیش آنے والی صورتحال کو تشکیل دے گی۔ انہوں نے کہا کہ یورپ کو امریکی اپوزیشن جماعت ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار جو بائیڈن کے ساتھ مل کر کام کرنے میں زیادہ آسانی ہو گی، تاہم آئندہ امریکی صدارتی انتخاب کوئی بھی جیتے، چین کے ساتھ نئی سرد جنگ کا سامنا کرنے کے لئے امریکہ اور یورپ کو متحد ہونا پڑے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اگرچہ امریکہ اور یورپ کے درمیان کئی امور پر اختلافات بھی ہیں لیکن ان کے مشترکہ مفادات ان اختلافات سے کہیں بڑے اور زیادہ ہیں اور چین کی طرف سے درپیش بہت بڑے چیلنج کا سامنا کرنے کے لئے یورپ کو امریکہ کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہونا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ امریکی صدارتی انتخاب میں جو بائیڈن کی کامیابی سے امریکہ اور یورپ کے درمیان ایران، تجارت، ماحولیاتی تبدیلیوں اور نیٹو جیسے امور پر پائے جانے والے اختلافات راتوں رات حل نہیں ہو جائیں گے تاہم وہ یہ بات وثوق سے کہ سکتے ہیں کہ جو بائیڈن کی کامیابی کی صورت میں امریکہ اور یورپ کے درمیان اچھے تعلقات کا سنہری دور ضرور شروع ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ چین اور ایران کے حوالے سے امریکی اور یورپی عوام کی سوچ اور مفادات ایک جیسے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ اگر امریکی صدارتی انتخاب میں موجودہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی جیت گئے تو بھی امریکہ اور یورپ کے تعلقات میں کوئی بڑی دراڑ نہیں آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ دوسری جنگ عظیم کے بعد امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے درمیان طویل تعاون نے دونوں فریقوں کے لئے آزادی اور جمہوریت، امن اور خوشحالی جیسی مشترکہ اقدار کی صورت میں تعاون کی ٹھوس بنیادیں رکھ دی ہیں اور قابل زکر بات یہ ہے کہ یہ اقدار ہمیں امریکہ سے سکھائی ہیں اور اس پر اہم امریکہ کے شکر گذار ہیں۔ واضح رہے کہ نیٹو اور اس فوجی اتحاد پر اخراجات کے حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ عرصے میں جرمن قیادت کے ساتھ شدید اختلافات رہے ہیں۔
تازہ ترین