لاہور(خبرایجنسی) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالٰہی نے وزیراعلیٰ آفس میں ملاقات کی اور کہاکہ اپوزیشن کی APC کا ناٹک ناکام رہا، ہرسازش کا ڈٹ کر مقابلہ کرینگے ،رکن قومی اسمبلی چوہدری مونس الٰہی بھی اس موقع پر موجود تھے،ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اورعوام کو ریلیف دینے کیلئے کئے گئے اقدامات پر بات چیت ہوئی اور ورکنگ ریلیشن کے امور بھی زیربحث آئے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار اورا سپیکر چوہدری پرویز الٰہی کی جانب سے قومی اداروں کو متنازع بنانے کی مذموم کوشش کی مذمت کی گئی، دونوں رہنمائوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اداروں کے خلاف ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا اور قومی اداروں کی عزت پر کوئی حرف نہیں آنے دیں گے،وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ہم سب پر اداروں کا احترام ضروری ہے، مخصوص ایجنڈے کے تحت اداروں کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک امر ہے، پاکستان نازک دور سے گزر رہا ہے جبکہ افراتفری پھیلانے کی کوشش کرنے والے عناصر دشمن کے ایجنڈے پر چل رہے ہیں، اتحادی جماعت سے تعلقات پہلے سے زیادہ مضبوط ہیں اور فیصلہ سازی کے عمل میں مسلم لیگ (ق) کو شریک کیا گیا ہے، مایوسی کا شکار اپوزیشن عوام کو گمراہ نہیں کرسکتی۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ قومی اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے، اداروں کے خلاف بیان بازی کرنے والے ملک و قوم کے خیرخواہ نہیں،اپوزیشن اداروں کو متنازع بنا کر مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتی ہے،یہ وقت منفی سیاست کا نہیں بلکہ اتحاد اور اتفاق کا ہے اور اپوزیشن جماعتوں کو اپنے طرز عمل پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔ چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ اور سیکرٹری پنجاب اسمبلی بھی اس موقع پر موجود تھے۔