کراچی (جنگ نیوز) بھارت میں اونچی ذات کے ہندوؤں کے ہاتھوں اجتماعی زیادتی کا شکار دلت (اچھوت) لڑکی اسپتال میں دم توڑ گئی۔
دلت لڑکی سے اجتماعی زیادتی کے بعد اس کی موت سے بھارت میں غم وغصے کی لہر دوڑگئی ہے ، شہریوں نے مودی سرکار سے جلد از جلد لواحقین کو انصاف فراہم کرنےکا مطالبہ کردیا ہے اور احتجاجی مظاہرے کئے جارہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع ہتراس میں 14ستمبرکو پیش آیا تھا جہاں اونچی ذات سے تعلق رکھنے والے4 ہندو نوجوانوں نے ایک 19 سالہ دلت لڑکی کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔
رپورٹ کے مطابق ملزمان نے لڑکی کو اس کے گھر سے اغوا کرکے ایک فارم ہائوس لے گئے جہاں اجتماعی زیادتی کے بعد اسے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا، لڑکی کی زبان کاٹ ڈالی، لڑکی کی ریڑھ کی ہڈی توڑ دی جبکہ لڑکی کے پورے جسم پر تشدد کے نشانات تھے۔
متاثرہ لڑکی کو اترپردیش میں ابتدائی طبی امدادکے بعد شدید زخمی حالت میں مزید علاج کے لیے نئی دہلی کے اسپتال منتقل کیاگیا تھا جہاں وہ منگل کے روز دم توڑگئی ہے۔
پولیس نے کئی روز بعد ملزمان کیخلاف ایف آئی آر درج کی، پولیس کے مطابق اجتماعی زیادتی کے الزام میں 4 افراد کو گرفتار کیاگیا ہے اور اس حوالے سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔