ریاض (اے ایف پی /جنگ نیوز )سعودی عرب میں حکام نے 10 مشتبہ افراد کو گرفتار کرتے ہوئے ان سے اسلحہ اور دھماکا خیز مواد برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔دوسری جانب ایران نے سعودی عرب کے اس الزام کو مسترد کردیا کہ جس میں کہا گیا تھا کہ تہران نے دہشت گردوں کے سیل کی ٹریننگ کی تھی۔سعودی عرب نے الزام لگایا تھا کہ ریاض نے رواں ماہ کے شروع میں 10 افراد کو گرفتار کیا اور ایک دہشت گردوں کے سیل سے اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا جنہیں ایران کے انقلابی گارڈز نے ٹریننگ دی تھی۔ سعودی خفیہ اداروں کے مطابق گرفتار افراد دہشت گردی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے اور ان میں سے سات کا تعلق ایران کے پاسداران انقلاب سے رہا ہے۔ سعودی میڈیا کے مطابق سیکیورٹی تفتیش سے دہشت گردوں کی شناخت، اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد ذخیرہ کرنے کے لیے 2 سائٹس (مقامات) کا انکشاف ہوا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ پکڑی گئی اشیا میں سے دستی ساختہ دھماکہ خیز آلات (آئی ای ڈی) ، درجنوں اسٹن گن، کلو بارود اور مختلف قسم کی رائفلیں اور پستول شامل ہیں۔