غیر ملکی کے ساتھ مل کر پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ افسران نے قومی خزانے کو 20 ارب روپے سے زائد کا چونا لگا دیا ، نیب نے غیر ملکی اور پی پی ایل کے 5 افسران کے خلاف ریفرنس دائر کردیا ، کراچی کی احتساب عدالت نے غیر ملکی باشندے کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔
احتساب عدالت نے ریفرنس سماعت کے لئے منظور کرتے ہوئے مفرور ملزم غیر ملکی باشندے پاویل میرک کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے جبکہ ضمانت پررہا پی پی ایل کے پانچ افسران کو نوٹس جاری کردئیے ہیں۔
ریفرنس میں نامزد دیگر ملزمان میں سابق ایم ڈی عاصم مرتضیٰ خان ،جنرل مینجر پی پی ایل بزنس ڈولپمنٹ عبدالواحد ،چیف اکنامسٹ پی پی ایل راحت حسین اور سعد اللہ اور معین رضا خان شامل ہیں۔
ریفرنس چیئرمین پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ کی شکایت پر دائر کیا گیا ہے، ریفرنس میں مزید کہا گیا ہے کہ پی پی ایل افسران نے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا، ملزمان کی وجہ سے قومی خزانے کو 20 ارب روپے سے زائد کا نقصان ہوا، افسران نے غیر ملکی کمپنی سے اضافی ریٹ پر معاہدہ کیا۔
عدالت نے ریفرنس کی سماعت 5 اکتوبر تک ملتوی کر دی، ریفرنس میں نامزد مرکزی ملزم عاصم مرتضیٰ خان ڈاکٹر عاصم و دیگر کے خلاف 17 ارب روپے کی کرپشن ریفرنس میں بطور نیب کا گواہ نامزد ہے۔