ہیڈ آف ہائی پرفارمنس کوچنگ سینٹر گرانٹ بریڈ برن قومی ٹی 20 کپ کےافتتاحی روز ہی نوجوان کرکٹرز حیدر علی اور عبداللہ شفیق کی بیٹنگ کے معترف ہوگئے۔
گرانٹ بریڈ برن نے کہا کہ ٹی 20 کپ کے پہلے روز دو نوجوان اسٹارز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا، حیدر اور عبداللہ کی عمدہ بیٹنگ دیکھ کر اچھا لگا۔
ہیڈ آف ہائی پرفارمنس کوچنگ کا کہنا تھا کہ پہلی مرتبہ ملتان دیکھا ہے، یہاں کے کوالٹی گراؤنڈ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے 20 سالہ نوجوان بیٹسمین عبداللہ شفیق قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں سینٹرل پنجاب کی نمائندگی کررہے ہیں ، انہوں نے اپنے ڈیبیو میں سنچری اسکور کرکے نام ریکارڈ بکس میں درج کروالیا۔
ٹورنامنٹ کے پہلے روز سدرن پنجاب کیخلاف میچ میں انہوں نے 102 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو پر سنچری اسکور کرنے والے چوتھے پاکستانی اور مجموعی طور پر آٹھویں بیٹسمین بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
ان سے قبل پاکستان کے معین خان، آصف علی اور بلال آصف بھی یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں تاہم ایک منفرد اعزاز عبداللہ شفیق کو سب پر سبقت دلاتا ہے۔
عبداللہ شفیق پہلے پاکستانی کرکٹر ہیں جنہوں نے اپنے فرسٹ کلاس اور ٹی ٹوئنٹی، دونوں ہی ڈیبیو پر سنچری اسکور کی، انہوں نے پچھلے سال اپنے فرسٹ کلاس ڈیبیو پر بھی سنچری اسکور کی تھی ۔
دنیا میں ایسا کرنے والے دوسرے پلیئر انڈیا کے شیوم بھمبری ہے جنہوں نے پچھلے سال چندی گڑھ کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنے فرسٹ کلاس اور ٹی ٹوئنٹی ڈیبیوز پر سنچریاں اسکور کی تھیں۔