فلم و ٹی وی انڈسٹری کے معروف اداکار فہد مصطفیٰ نے کہا کہ وہ پُر امید ہیں کہ قومی کرکٹ ٹیم کے کوچز حیدر علی سے دور رہیں گے اور انہیں اپنے اسٹائل میں کھیلنے کا موقع ملے گا۔
گزشتہ روز قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں ڈیبیو کرنے والے حیدر علی نے شاندار کھیل پیش کیا تھا، دنیا بھر میں نوجوان کھلاڑی کی تعریفیں کی جارہی ہیں۔
ایسے میں فہد مصطفیٰ اور عاصم اظہر نے بھی نوجوان کھلاڑی کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے ایک پیغام جاری کیا ہے۔
فہد مصطفیٰ نے لکھا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ قومی کرکٹ ٹیم کے کوچز حیدر علی سے دور رہیں گے تاکہ وہ اپنے اسٹائل میں کھیلتے رہیں۔
انہوں نے حیدر علی کو نصف سینچری کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کی صلاحیتوں کی تعریف بھی کی۔
دوسری جانب نوجوان گلوکار عاصم اظہر نے حیدر علی کو پاکستان کرکٹ کا ایک روشن ستارہ قرار دیا۔
حیدر علی کی پہلے ہی میچ میں شاندار اور بے خوف بیٹنگ نے دنیا بھر کی توجہ اپنی جانب مبذول کروادی ہے۔
حیدر علی نےپُراعتماد بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی پہلی اننگز میں کئی چوکے لگائے، پہلے ہی میچ میں حیدر علی نے ففٹی 28 گیندوں پر مکمل کی اور اس طرح وہ ڈیبیو پر یہ کارنامہ سرانجام دینے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی بن گئے۔