• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قانون کے تحت مفرور اور اشتہاری کے بیان نشر نہیں ہوسکتے، پیمرا، نواز شریف کی تقریر نشر کرنے پر پابندی، زیرسماعت مقدمات پر تبصروں کی بھی ممانعت

قانون کے تحت مفرور اور اشتہاری کے بیان نشر نہیں ہوسکتے، پیمرا


اسلام آباد (جنگ نیوز، خبرایجنسیاں)پیمرا نے کہاہےکہ قانون کے تحت مفرور اوراشتہاری کے بیان نشر نہیں ہوسکتےاور نہ ہی اشتہاری اور مفرور مجرمان کی تقاریر یا انٹرویوز پر تبصرہ کیا جاسکتا ہے، اس اعلامیئے کو دیکھتے ہوئےنواز شریف کی تقریر نشر کرنے پر پابندی ہوگی جبکہ زیر سماعت مقدمات پر تبصروں کی بھی ممانعت ہوگی۔ 

وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہاہےکہ میاں نوازشریف بانی متحدہ ٹو بننے جارہے ہیں،انہیں موٹر وے اور میزائل بنانے کا پتہ ہے اپنے اثاثوں کا نہیں، وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نےکہاہےکہ جنرل ظہیر الاسلام نے استعفیٰ مانگا تو نواز شریف خاموش کیوں رہے؟

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہاکہ قوم سے جھوٹ بولتے ہوئےانہیں شرم آنی چاہیے، وزیرمواصلات مراد سعید کاکہناہےکہ ن لیگ کے کافی لوگ رابطے میں، اسی لیےنواز شریف ذہنی توازن کھو چکے ۔ 

تفصیلات کےمطابق نواز شریف کی جانب سے مسلسل دوسرے روز مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی رہنمائوں کے اجلاس سے خطاب کے بعد پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) حرکت میں آگیا،پیمرا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پیمرا آرڈیننس 2002 اور پیمرا ایکٹ 2007 کی سیکشن 27کے تحت اشتہاری اور مفرور افراد کے بیانات، انٹرویوز اور خطاب نشر نہیں کیے جاسکتے۔

پیمرا نے اعلامیے میں مزید کہا کہ اشتہاری اور مفرور مجرمان کی تقاریر یا انٹرویوز پر تبصرہ بھی نہیں کیا جاسکتا۔ادھر وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ میاں نوازشریف بانی متحدہ ٹو بننے جارہے ہیں نہ کہ ذوالفقار بھٹو۔

ذوالفقار بھٹو بننے کے لئے خود کو آئین اور قانون کے سامنے پیش کرنا ہوتا ہے،آئین اور قانون کا بھگوڑا شخص لندن کے پرتعیش ماحول میں بیٹھ کر قوم کو بھاشن دے رہا ہے اور اداروں کے خلاف مغلظات بک رہا ہے۔

ن لیگ اور بالخصوص نوازشریف خاندان کو یہ سمجھ لینا چاہئے کہ ہم کسی کی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے،وفاقی وزیر نے کہا کہ نواز شریف نے اپنی ذات، اپنے اثاثے اور اپنے پیسوں کو بچانے کے لیے اس ملک کے تمام اداروں پر جو تنقید کی اس سے لگتا ہے کہ وہ خود کو بچانے کے لیے اس ملک کو دائو پر لگا سکتے ہیں۔

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نواز شریف اداروں کو آپس میں لڑانا اور اپنے کرپشن مقدمات ختم کرانے کیلئے حکومت کو بلیک میل کرنا چاہتے ہیں،اگر جنرل ظہیر الاسلام نے استعفیٰ مانگا تو میاں صاحب خاموش کیوں رہے، نوازدور میں ملک نہیں ان کا خاندانی کاروبار ترقی کر رہا تھا،عمران خان نے اپنے اثاثوں سے متعلق40سال پرانا ریکارڈ عدالت میں پیش کیا،نواز شریف کا دعویٰ ہے کہ انہیں سب کچھ پتہ ہے لیکن یہ نہیں معلوم کہ لندن فلیٹس کیسے بنائے؟

نواز شریف کو یہ بھی نہیں معلوم کہ ایک رات میں مریم نواز کے اکائونٹ میں 87کروڑ کہاں سے ٹرانسفر ہوئے،نواز شریف پاکستانی قوم کیساتھ مذاق کرنا بند کریں۔وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے دعویٰ کیا ہے کہ ن لیگ کے دو اراکین اسمبلی نواز شریف سے الگ ہونے جا رہے ہیں۔

ن لیگ کے کافی لوگ ہم سے رابطے میں ہیں اسی لیے نواز شریف ذہنی توازن کھو چکے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے ن لیگ کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کو قوم سے جھوٹ بولتے ہوئے شرم آنی چاہیے۔

نواز شریف پہلے بھی جھوٹ بولتے آئے ہیں اوران کی بیٹی بھی جھوٹ بولتی ہیں، ماضی میں نوازشریف نے بینظیربھٹو کیخلاف بھی غیراخلاقی باتیں کیں،یہ لوگ خود کاعمران خان کے ساتھ موازنہ کریں،یہ لوگ جس عدالت میں جھوٹ بولتے پکڑے گئے وہاں سے عمران خان سرخرو ہوئے ۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ پی ایم ایل (ن) کے دور میں سب سے زیادہ پولیس مقابلے کروائے گئے، پنجاب پولیس کو ان لوگوں نے اپنی سیاست کے لیے استعمال کیا۔ 

تازہ ترین