کراچی (شکیل یامین کانگا / اسٹاف رپورٹر) باکسنگ، کرکٹ ٹیمیں بند کرنے کے بعد کے الیکٹرک نےمعروف انٹرنیشنل کھلاڑیوں پر مشتمل فٹ بال ٹیم کو بھی بند کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ فٹ بال کھلاڑیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ استعفیٰ دیں اور اپنی تین ماہ کی تنخواہ ایڈوانس لے لیں۔ سابق عالمی شہرت یافتہ پاکستانی کپتان اور کے الیکٹرک کے کوچ عیسیٰ خان نے جنگ سے باتیں کرتے ہوئے بتایا کہ کے الیکٹرک کی ٹیم کو بند کرنے کافیصلہ کرلیا گیا ہےاور کھلاڑیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنی اپنی تین ماہ کی سیلریز حاصل کرلیں۔ انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک میں کئی انٹرنیشنل کھلاڑی شامل ہیں جو اپنے اپنے مستحکم اداروں کو چھوڑ کر اس ٹیم میں آئے تھےا ور کے الیکٹرک کی ٹیم کو پاکستان کی ٹاپ ٹیم بنانے میں اپنا کردار ادا کیا تھا۔ کے الیکٹرک انتظامیہ کے فٹ بال ٹیم کو ختم کرنے کےخلاف بھرپور احتجاج کریں گے اور اس سلسلے میں عدالت سے بھی رجوع کریں گے۔ کے الیکٹرک کی ٹیم بند کئے جانے پر غلام عباس بلوچ، حبیب حسن اور سابق سیکرٹری سندھ فٹبال ایسوسی ایشن رحیم بخش بلوچ شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔