• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیری جماعتیں گلگت وبلتستان پرآل پارٹیز کانفرنس بلائیں

وٹفورڈ (نمائندہ جنگ)آزاد کشمیر میں آئندہ سال ہونے والے انتخابات کو مسئلہ حق خودارادیت کے ساتھ مشروط کیا جائے،آزاد کشمیر کی تمام کشمیر ی جماعتیں گلگت وبلتستان میں ہونے والے صوبائی انتخابات کے حوالے سےآل پارٹیز کانفرنس بلائیں اور گلگت بلتستان کے مسئلے پر متفقہ موقف اختیار کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار جموں کشمیر لبریشن فرنٹ وٹفورڈ برانچ کے صدر سید جاوید احمد شاہ اور چوہدری محمد سعید نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ سید جاوید احمد شاہ نے کہا گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے سے یہ بات واضح ہو رہی ہے کہ کشمیر ی عوام کا مطالبہ حق خودارادیت صرف زبانی جمع تفریق تک محدود ہو کر رہ گیا ہے ،بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو اپنی کالونی بنا لیا ہے، جب کہ پاکستان کی حکومت نے گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے ، 15 نومبر کو صوبائی انتخابات کرا نے کے سپریم کورٹ کے حکم پراحکامات جاری کر دئیے ہیں ۔انہوں نے وزیراعظم پاکستان عمران خان سے مطالبہ کیا کہ مسئلہ کشمیر حل ہونے تک گلگت بلتستان کو صوبہ نہ بنایا جائے ۔ چوہدری محمد سعید نے وزیراعظم پاکستان عمران خان سے مطالبہ کیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پاکستان، بھارت اور کشمیر ی قیادت پر مشتمل سہ فریقی کانفرنس اقوام متحدہ کی زیرنگرانی بلانے کیلئےسیاسی وسفارتی مہم شروع کریں ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر ی عوام مسئلہ کشمیر کا پر امن و پائیدار حل چاہتے ہیں ۔ چوہدری محمد سعید نے کہا کشمیر پیس کانفرنس بلانے سے عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کے حل میں مدد ملے گی ۔
تازہ ترین