اسلام آباد(نمائندہ جنگ)معروف ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر ثمر مبارک مند نے تباہ شدہ میزائل کی ریورس انجینئرنگ ریسرچ کے ذریعے تیاری کے دعویٰ کو مسترد کردیا۔
ان کا کہنا تھا کہ میزائل زمین پر گرے اور اس کے ٹکرے ٹکڑے نہ ہو جائیں۔ تباہ شدہ ملبے اور چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں پر کیا ریسرچ کی جا سکتی ہے؟
پاکستان کے میزائل اینڈ ریسرچ پروگرام کے سابق ڈائریکٹر ڈاکٹر ثمر مبارک مند کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کا امریکی میزائل ٹوماہاک کی ریورس انجینئرنگ کا دعویٰ درست نہیں، وہ نواز شریف کے ریورس انجینئرنگ کے دعوے سے اتفاق نہیں کرتے،ان کا کہنا تھا کہ یہ میزائل نہایت نازک ہوتا ہے۔
یہ بات مضحکہ خیز ہے کہ وہ زمین پر گرے اور اس کے ٹکرے ٹکڑے نہ ہو جائیں۔ یہ سچ ہے کہ پاکستان کو اس علاقے سے میزائل ملے، مگر وہ چند ٹکڑے تھے، تباہ شدہ ملبے اور چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں پر کیا ریسرچ کی جا سکتی ہے؟
پاکستانی سائنسدان نے کہا کہ پاکستان سے امریکا نے یہ ملبہ واپس مانگا بھی نہیں تھا، ہمارے پاس امریکا کی ایسی کوئی درخواست آئی ہی نہیں تھی۔ دوسرا یہ کہ یہ تو محض کوڑے کرکٹ کا ڈھیر تھا جو بے سود تھا، امریکاملبہ مانگتا تو واپس بھی کر دیتے۔