• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیپلز پارٹی پنجاب کی حکومت مخالف تحریک کیلئے تیاریاں تیز


پیپلز پارٹی پنجاب نے حکومت مخالف تحریک کے لیے تیاریاں تیز کردیں، پارٹی کے ضلعی صدور سے رائے اور جلسوں کے لیے وقت مانگ لیا۔

لاہور میں پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا کہ حکومت مخالف تحریک کے لیے سب کو متحرک کریں گے، آج کے اجلاس میں حکومت مخالف تحریک کے لیے ضلعی صدور سے رائے لی گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وسطی پنجاب کے ہر ڈویژن کی سطح پر جلوسوں کے لیے وقت مانگا ہے، حکومت مخالف تحریک میں پیپلز پارٹی دیگر جماعتوں سے آگے کھڑی ہوگی، استعفوں سمیت ہم ہر اقدام اٹھانے کے لیے تیار ہیں۔

پی پی وسطی پنجاب کے صدر نے یہ بھی کہا کہ ملک کے مفاد کے لیے ہماری خواہش تھی کہ یہ حکومت اپنے وعدے پورے کرے، آج پاکستان کے عام آدمی کی زندگی تنگ ہوگئی ہے۔


ان کا کہنا تھا کہ حکومت 2 سال میں قوم کو کوئی سمت نہیں دے سکی، اس لیے یہ اپنا جواز کھو چکی ہے، پاکستان اب مزید تجربات کا متحمل نہیں ہوسکتا، اس حکومت کو جانا چاہیے، دوبارہ الیکشن ہوں اور عوام بہتر لوگ آگے لے کر آئے۔

قمر زمان کائرہ نے یہ بھی کہا کہ عام آدمی مہنگائی کی چکی میں پس رہا ہے، پی ٹی آئی حکومت مہنگائی، بیروزگاری، اخلاقی دیوالیہ پن کی سونامی لے آئی ہے، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم ہوئی ہیں جبکہ یہاں بجلی مہنگی ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے اور مسلم لیگ(ن) کے دور میں بجلی کے ریٹ نہیں بڑھائے گئے، 2 سالوں میں سرکلر ڈیٹ 2200 ارب روپے تک پہنچ گیا ہے، یہ حکومت کی نااہلی ہے، عالمی اداروں کی رپورٹ کے مطابق ملک میں ڈیڑھ کروڑ لوگ بیروزگار ہوچکے ہیں۔

پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ گندم کا بحران پیدا ہوگیا ہے مگر حکومت کے کان پر جوں تک نہیں رینگی، عالمی منڈی میں چینی 45 روپے کلو ہے اور ہمارے یہاں 105 روپے میں فروخت ہورہی ہے جبکہ یہ اعلان کرچکے ہیں کہ سردیوں میں گیس نہیں ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ بے دستور ریاست نہیں چل سکتی، جمہوریت کو بحال کیا جائے گا، ہمیں اپنے نظام کو درست طریقے سے چلانے کی ضرورت ہے، آئندہ کے لیے بھی سیاست میں مداخلت بند ہوجائے تو یہ بہت اچھی بات ہے، سیاسی جماعتوں کو بھی اپنے عمل سے اپنا اعتماد بحال کرنا ہوگا۔

پی پی رہنما نے کہا کہ نواز شریف قانون کے تحت، حکومت وقت اور عدالت کی اجازت سے گئے ہیں، وہ کہہ رہے ہیں، جوں ہی ان کا علاج مکمل ہوگا وہ واپس آئیں گے اور انہیں آنا بھی چاہیے۔

خواجہ آصف کی معافی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر قمر زمان کائرہ نے کہا کہ انہوں نے جو بات کی وہ ان کی ذاتی رائے تھی، انہوں نے معذرت کرلی ہے تو یہ بات ختم ہوجانی چاہیے۔

تازہ ترین