اسلام آباد، کراچی (اے پی پی، جنگ نیوز، اسٹاف رپورٹر)کورونا پھر سراٹھانے لگا، 625نئے کیسز، 15اموات، کراچی میں 6شادی ہالز، 103ریسٹورنٹس،4 اسکولز بند،مجموعی ہلاکتیں ساڑھے 6ہزار،کیسز 3لاکھ 13ہزار،فعال کیسز 8ہزار877رہ گئے،95 مریض وینٹی لیٹرز پر، ایس او پیز کی خلاف ورزی پر77مختلف گاڑیاں بھی ضبط کرلی گئی، این سی او سی نےکورونا کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کےمطابق نیشنل کمانڈ اینڈآپریشن سنٹر (این سی او سی) نے کورونا وائرس کے حوالے سے تازہ ترین اعداد وشمار جاری کر دیئے،گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں کورونا کے 625مریضوں کے ٹیسٹ مثبت آئے اور 15 مریض اسپتالوں میں جاں بحق ہوئے، ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 3 لاکھ 13 ہزار 431 ہے جبکہ جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 6 ہزار 499 ہے۔
کورونا سے اب تک صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 2 لاکھ 98 ہزار 55ہو چکی ہے، جس کے ساتھ ہی فعال کیسز کی تعداد 8 ہزار 877 رہ گئی، کورونا کیلئے مختص 1 ہزار 912 وینٹی لیٹرز پر 95 مریض ہیں، سندھ میں کورونا وائرس سے 5 مریض جاں بحق ہوئے جبکہ 316 نئے کیس سامنے آگئے ۔
ادھر کراچی میں کورونا کے حوالے سے رائج ایس او پیز اورصحت کے رہنما اصولوں پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث 6 میرج ہالز اور 103 ریسٹورانٹ کراچی میں بند ہوگئے۔
نیشنل کمانڈ اینڈآپریشن سنٹر (این سی او سی) کے مطابق اجلاس میں تمام صوبوں گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور اسلام آباد کی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ عوامی تحفظ اور صحت کے رہنما اصولوں اور پروٹوکول کو یقینی بنائیں اور خاص طور پر ریستوران /شادی ہالوں میں ہونے والی خلاف ورزیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیے جائیں کیونکہ یہ دونوں مقامات بیماری کا مرکز بن کر ابھر رہے ہیں۔
دوسری جانب کراچی میں 4 اسکولوں کو بھی سیل کیاگیاہے، مجموعی طور پر 46 اسکولوں کا معائنہ کیا گیا جن میں سے 16 اسکول خلاف ورزی کرتے پا ئے گئے جس میں سے 4 کو سیل کردیا گیا۔
دوسری جانب کورونا ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کے خلاف کارروائی، 77 مختلف گاڑیاں ضبط، 174 گاڑیوں کے خلاف چالان اور جرمانہ، تمام ڈپٹی کمشنرز نے پبلک ٹرانسپورٹ میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کو موثر بنانے کے لئے کارروائیاں کی گئی ہیں۔
مجموعی طور پر 174 مختلف گاڑیوں کے خلاف چالان جاری کئے اور جرمانہ عائد کیا گیا ہے جبکہ 77 مختلف گاڑیاں ضبط کی ہیں جن میں 11 بسیں، 43 منی بسیں، کوچز اور ٹیکسی سمیت دیگر 23 گاڑیاں شامل ہیں۔