اسلام آباد(نمائندہ جنگ)سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے ویڈیو لنک کے ذریعے بیرون ملک سے کی جانیوالی تقاریر اور خطاب پر پابندی عائد کروانے کیلئے اسلام آبادہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی ہے۔
درخواست گزار عامر عزیز انصاری نے ہفتہ کے روز دائر آئینی درخواست میں وفاق پاکستان، چیئرمین پیمرا، نواز شریف اورشہباز شریف کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیارکیاہے کہ مسئول علیہ وسزا یافتہ مجرم نواز شریف ایک جان لیوا بیماری کا بہانہ بنا کر طبی بنیادوں پر ہائیکورٹ سے ضمانت لیکر بیرون ملک گئے تھے۔
جہاں سے انہوں نے وڈیو لنک کے ذریعے آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قومی سا لمیت ، خودمختاری اور ریاستی اداروں کیخلاف تقریر کرتے ہوئے ریاستی اداروں کو بدنام کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے ، نواز شریف عدالت سے سزایافتہ مجرم ہیں اسلئے وہ ویڈیو لنک کے ذریعے یا براہ راست میڈیا پر آکر تقریر نہیں کرسکتے۔
درخواست گزار نے عدالت سے نواز شریف کے بیرون ملک سے خطاب پر پابندی عائد کرنے اورپیمرا کو آئندہ انکی تقریر کسی بھی چینل پر نہ چلنے دینے کا پابند کرنے کی استدعا کی ہے ۔