سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف کے داماد اور مریم نواز کے شوہر، مسلم لیگ نون کے رہنما کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کے خلاف گوجرانوالہ میں بغاوت کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
بغاوت اور دیگر دفعات کے تحت درج کیئے گئے مقدمے میں نون لیگ کے ایم پی اے عمران خالد بٹ کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔
مسلم لیگ نون کے رہنما کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کےخلاف مقدمہ تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن میں ایس ایچ او کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے جمعے کو عمران خالد بٹ کی رہائش گاہ پر میٹنگ کی تھی، جس میں ریاستی اور انتظامی اداروں کے خلاف اشتعال انگیز اور دھمکی آمیز الفاظ استعمال کیئے گئے تھے۔
کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اور دیگر کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے 16 اکتوبر کو گوجرانوالہ میں جلسہ کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔